سرینگر//وزارت اقلیتی امور کی وقف ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی اوردیگر کئی وفود نے یہاں راج بھون میں لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر درخشان اندرابی نے لیفٹینٹ گورنر کا حکومت کی طرف سے سیاحت کوفروغ دینے کےلئے اقدامات کرنے پر شکریہ اداکیا۔ انہوں نے جموں کشمیر کے75 گاﺅں ،جن کی تاریخی،تمدنی اورخوبصورتی کی حیثیت سے اہمیت ہیں،کوسیاحتی گاﺅں کے طور ترقی دینے کی حکومت کی پہل کی ستائش کی۔ انہوںنے جموں کشمیر کی ترقی سے متعلق اپنی آرااوررائے بھی لیفٹینٹ گورنر کو پیش کی۔لیفٹینٹ گورنر نے عوام کی بہبودی کے تئیں ڈاکٹر اندرابی کی تجاویز کوسراہااورانہیں یقین دلایا کہ فیصلہ سازی کے دوران ان کی تجاویز کو مدنظر رکھاجائے گا۔اس کے علاوہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے نائب میئر ڈاکٹرپرویزاحمد قادری نے بھی لیفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اورانہیں سرینگر شہرکوجاذب نظر بنانے کےلئے سرینگر میونسپل کارپوریشن کی کوششوں سے آگاہ کیا۔اس کے علاوہ معروف گلوکار وحید جیلانی نے بھی لیفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اورجموں کشمیر میں تمدنی سرگرمیوں کو بحال کرنے کےلئے ایک یاداشت پیش کی ۔لیفٹینٹ گورنر نے وحید جیلانی کو بتایا کہ حکومت جموں کشمیرمیں تمدن،ورثہ اور سیاحت کو بحال کرنے کےلئے کوشاں ہے۔انہوں نے انہیں یقین دلایاکہ ان کی تجاویز پرغور کیا جائے گا۔