جموں//سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی سواگت بسواس نے چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی پون راٹھور کے ساتھ جے ڈی اے کی آٹومیشن پروجیکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اِنفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ کی طرف سے عملایا جارہا یہ پروجیکٹ 2018ء میں شروع ہوا اور اس کی بدولت جے ڈی اے کا تمام کام آن لائن ہوجائے گا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ لوگوں کو جے ڈی اے کی تمام سہولیات آن لائن دستیاب ہوں گی اور اُنہیں اب مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔پروجیکٹ کی وجہ سے بلڈنگ پرمیشن ، رجسٹریشن ، ٹرانسفراور دیگر تمام خدمات آن لائن دستیاب ہوں گی۔اس موقعہ پر سواگت بسواس نے کہا کہ پروجیکٹ کے تحت 25ہزار فائلوں کے لگ بھگ 18لاکھ اوراق کی ڈیجیٹائزیشن عمل میں لائی جائے گی اور جے ڈی اے کے لئے ڈیٹا منیجمنٹ سافٹ وئیر وجود میں لایا جائے گا۔بعد میں سیکرٹری نے ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں مختلف سطحوں پر معیار کو برقرار رکھنے سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے پروجیکٹ منیجمنٹ ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔اُنہوںنے کہا کہ یہ پروجیکٹ اَگلے چار ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔وی سی جے ڈی اے نے اس موقعہ پر کہا کہ یہ پروجیکٹ جے ڈی اے اور عام شہریوں کو ایک دوسرے کے نزدیک لانے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور اُنہیں تمام سہولیات آن لائن ہی دستیاب ہوں گی۔میٹنگ میں آئی ٹی محکمہ اورجموں وکشمیر ای ۔گورننس ایجنسی ، جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور کئی دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔