جموں // محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا دھرنابدھ مسلسل 26ویں روز بھی جاری رہا ۔ بقایا اجرتوں اور مستقل ملازمت کے مطالبات کے حق میںجے اینڈکے کیجول لیبرز یو نین پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے بینر تلے سینکڑوں کی تعداد میں ان عارضی ملازمین نے چیف انجینئر بجلی کے دفتر کے سامنے احتجاج درج کروایا۔اس دوران احتجاجی ملازمین نے ‘ ہماری مانگیں پوری کرو، اور مودی تیرے راج میں بچے بھوکے مرتے ہیں، ہائے ہائے کرتے ہیں’ جیسے نعرے بلند کئے ۔یونین کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ‘ ہم بقایا اجرتوں کی ادائیگی اور مستقل ملازمت کے مطالبات کے حق میں گزشتہ26دنوں سے چیف انجینئر دفتر پی ڈی ڈی کے سامنے احتجا جی مظاہرے کررہے ہیں لیکن ریاستی حکومت ہمارے جائز مطالبات پورے کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم گزشتہ کئی برسوں سے محکمہ بجلی میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، ہمارے کچھ ساتھی کرنٹ لگنے سے جاں بحق اور کچھ معذور ہو گئے ہیں، لیکن آج تک ہماری ملازمت کو باقاعدہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی ہماری التوا میں پڑی تنخواہیں واگذار کی جاتی ہیں جس سے ہم فاقہ کشی کا شکار ہوگئے ہیں ’۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کوجلد از جلد پورا نہیں کیا گیا ہم احتجاج میں شدت لانے کے لئے مجبور ہوجائیں گے ۔