جموں// زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے آج یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔وفود نے اپنے مطالبات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے اور ان کو حل کرنے میں وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔ مینڈھر کے وفد نے علاقے میں ترقیاتی عمل کو دوام بخشنے، زندہ پیر۔سیونہ کٹھ پُل کی تعمیر اور دیگر مشکلات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے۔ نوبرہ اور زنسکار کے وفود نے اپنے اپنے علاقوں میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور علاقے کے لئے ہوائی سروس شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ جموں کے ہوٹل مالکان کے وفد نے سچیت گڑھ علاقے کو سیاحتی سرگرمیوں کے لئے کھولنے کے علاوہ باغ باہو سیاحتی پروجیکٹ اور مبارک منڈی ہیتی ٹیج پروجیکٹ میں تیزی لانے کا بھی معاملہ اُجاگر کیا۔ عسائی برادری کے ایک وفد نے نوشہرہ علاقے میں حالیہ تشدد دار واقعات کے بعد عسائی برادری کے لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ دُرگا نگر سے تعلق رکھنے والے کشمیری پنڈتوں کے وفد نے علاقے کے لئے بس سروس شروع کرنے، ہیلتھ سینٹر قائم کرنے اور بجلی کی تقسیم کاری نظام میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا۔ فروٹ گروؤرس کے ایک وفد نے اخروٹ کو ٹیکس سے مبرا رکھنے اور مقامی پیداوار کو فروغ دینے کے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ کٹھوعہ کے ایک وفد نے وہاں کی ایک کمسن لڑکی کے قتل کے معاملے کی تحقیقات کے عمل میں تیزی لانے کی مانگ کی۔ اننت ناگ، ہوم شالی بُگ، شوپیاں ، راجوری اور دیگر علاقوں سے آئے وفود نے بھی اپنے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔ وزیر اعلیٰ نے وفود کے مطالبات غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ انہیں معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔اس دوران پی ڈی پی کے ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر حسین نے ریاستی وزیر اعلی محبوبہ مفتی سے ملاقات کرکے ان کا عوامی مطالبات پورے کرنے پر شکریہ اداکیا۔