عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو شہر کے مضافاتی علاقے کنجوانی میں بغیر کسی قانونی رجسٹریشن کے چلائے جا رہے ایک غیر قانونی نشہ چھڑانے کے مرکز کو سیل کر دیا۔حکام کے مطابق یہ کارروائی جمعرات کی دیر رات کنجوانی میں واقع ’’جیون کا احساس نشہ مکتی مرکز‘‘کے خلاف کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ جموں ڈاکٹر راکیش منہاس کی ہدایت اور ’’نشہ مکت جموں و کشمیر مہم‘‘کے تحت اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر، جموں کی سربراہی میں ایک ٹیم نے اس مرکز کا معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ مرکز اپنے پاس مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ رجسٹریشن کا کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کر سکا، جس کے بعد اسے فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔حکام نے کہا کہ جموں ضلع انتظامیہ عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ نشہ چھڑانے کی خدمات صرف انہی مراکز سے حاصل کریں جو محکمہ صحت کے ساتھ باضابطہ طور پر رجسٹرڈ ہوں۔انہوں نے عوام سے یہ بھی درخواست کی کہ اگر ان کے آس پاس کوئی غیر قانونی نشہ چھڑانے کا مرکز چل رہا ہو تو اس کی اطلاع انتظامیہ کو دیں اور ایسے اداروں کو کرائے کی عمارتوں میں چلانے کی اجازت نہ دیں۔
جموں انتظامیہ نے غیر قانونی نشہ چھڑانے کے مرکز کو سیل کر دیا