عظمیٰ ویب ڈیسک
قاضی گنڈ/کولگام پولیس نے 11 سالہ بچی کی موت سے متعلق ہٹ اینڈ رن کیس کو محض چھ دن میں حل کرتے ہوئے اتر پردیش کے شہر لکھنؤ سے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی بریلی سے برآمد کرکے ضبط کر لی، جہاں ملزم نے اسے چھپا رکھا تھا۔حکام نے بتایا کہ یہ افسوسناک حادثہ 10 جولائی کو ویسو کے ’کے پی کالونی ‘کے قریب پیش آیا تھا، جہاں ایک نامعلوم گاڑی نے 11 سالہ بچی کو ٹکر مار دی تھی۔ زخمی بچی کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
حادثے کے بعد مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر احتجاج بھی کیا تھا۔پولیس نے واقعے کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں بھارتیہ نیایا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی۔حکام کے مطابق ایس آئی ٹی نے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا، تکنیکی شواہد کا تجزیہ کیا اور متعدد ریاستوں میں ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ حادثے کے بعد ملزم فرار ہو کر لکھنؤ پہنچ گیا تھا جبکہ اس نے تفتیش کو گمراہ کرنے اور قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے گاڑی کو تقریباً 250 کلومیٹر دور بریلی میں چھپا دیا تھا۔پولیس نے جدید تکنیکی نگرانی اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے ملزم کے مقام کا پتہ لگایا۔ بعد ازاں قاضی گنڈ پولیس کی ایک ٹیم اتر پردیش روانہ ہوئی اور مقامی پولیس کے تعاون سے لکھنؤ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی بعد میں بریلی سے برآمد کرکے ضبط کر لی گئی۔گرفتار ملزم کی شناخت ارون گپتا ولد للت رام گپتا، ساکن بہرین باغ، ضلع بارہ بنکی، اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کولگام، عنایت علی چودھری نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری جدید تکنیکی تحقیقات، تحقیقاتی ٹیم کی مسلسل محنت اور اتر پردیش پولیس کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے باعث ممکن ہوئی۔
کولگام پولیس نے ہٹ اینڈ رن کیس 6 دن میں حل کر لیا، اتر پردیش سے ملزم گرفتار