عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی جانب سے 20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتَر منتر پر مجوزہ احتجاج سے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال نہیں ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ احتجاج عوام کی توجہ حکومت کی مبینہ ناکامیوں سے ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔بڈگام کے ماگام میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا، ریاستی درجہ جنتَر منتر پر احتجاج کرنے سے واپس نہیں آئے گا۔ نیشنل کانفرنس اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ احتجاج کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا نئی دہلی میں مجوزہ احتجاج جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ دلانے میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گا۔
ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ متعدد مواقع پر جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پہلے ہی یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا۔ یہ ضرور واپس آئے گا، لیکن جنتَر منتر کے احتجاج کی وجہ سے نہیں۔واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے کو لے کر 20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتَر منتر پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔
جنتر منتر کے احتجاج سے ریاستی درجہ بحال نہیں ہوگا: ڈاکٹر درخشاں اندرابی