عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں ریلوے ڈویژن نے اسٹیشن کی ازسرِ نو تعمیر کے منصوبے کے تحت نئے تعمیر شدہ پلیٹ فارم نمبر6 اور 7 کو تمام ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے باضابطہ طور پر کھول دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پلیٹ فارم نمبر4 اور 5بھی دوبارہ مکمل طور پر فعال ہو گئے ہیں، جس کے بعد جموں ریلوے اسٹیشن کے تمام ساتوں پلیٹ فارم آپریشنل ہو گئے ہیں۔جموں ریلوے ڈویژن کے پبلک ریلیشنز انسپکٹر رگھویندر سنگھ نے بتایا کہ مسافروں کی سہولت اور بڑھتی ہوئی ریلوے ٹریفک کو مدنظر رکھتے ہوئے ناردرن ریلوے نے پلیٹ فارم نمبر 6 اور 7 کو آپریشن کے لیے کھول دیا ہے، جبکہ پلیٹ فارم نمبر 4 اور 5 بھی مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرین نمبر 12413بدھ کے روز پہلی بار نئے تعمیر شدہ پلیٹ فارم نمبر 6 پر وصول کی گئی۔رگھویندر سنگھ کے مطابق نئے پلیٹ فارموں کی شروعات پر مسافروں میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پلیٹ فارم نمبر 6 اور 7 کے فعال ہونے سے جموں توی ریلوے اسٹیشن پر ایک ہی وقت میں زیادہ ٹرینوں کو ٹھہرانے اور چلانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جس سے ٹرینوں کی آمد و رفت مزید ہموار ہوگی، رکنے کے وقت میں کمی آئے گی اور بھیڑ بھاڑ میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نئے پلیٹ فارموں کے آغاز سے جموں و کشمیر آنے اور جانے والے مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور خطے کے ریلوے رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔ریلوے حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹرینوں کے شیڈول اور پلیٹ فارم کی معلومات اسٹیشن پر نصب ڈسپلے بورڈز اور اعلانات کے ذریعے حاصل کریں، جبکہ نئے پلیٹ فارموں تک پہنچنے کے لیے تعمیر کیے گئے فٹ اوور برجز (FOBs)اور رہنما سائن بورڈز کا استعمال کریں اور ریلوے عملے کی ہدایات پر عمل کریں۔