پونچھ//مدرسہ جامعہ معین السنہ ڈینگلہ کی عمارت کی تیسری منزل کے سنگ بنیاد کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں علمائے کرام، سیاسی و سماجی کارکنان کے علاوہ مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مولانا سید بشارت حسین نے تیسری منزل کے سنگ بنیاد کی رسم انجام دیتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کے تعاون سے یہ مدرسہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر ریا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قومی اثاثہ ہے اس کی ترقی ہماری پوری قوم کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں ہمارے نونہال دینی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی حاصل کرتے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔ اس موقعہ پر موجود انجینئرمحمد رفیق چشتی نے مدرسہ کی انتظامیہ کمیٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح مدرسہ ترقی کے لئے دن رات محنت کی ہے اس کیلئے وہ مبارک کے مستحق ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کمیٹی کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کی جبکہ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔