تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی کے منیال علاقہ میں مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی اور محکمہ بجلی کی لاپرواہی سے تنگ آکر شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ محکمہ جات کے ملازمین کی غفلت شعاری اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کسی بڑے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ راجوری تا بفلیاز مغل روڈ کے جاری تعمیراتی کام کے دوران بجلی کے کئی کھمبوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے ذریعے 33KV ترسیلی لائن اور کھمبے متاثر ہوئے ہیں۔ جو مقامی باشندوں کیلئے خطرے کا باعث ہے۔ادھر تعمیراتی کمپنی کے بیان کے مطابق بجلی کے کھمبے سڑک کے تعمیراتی کام کو متاثر کر رہے ہیں کمپنی کے مطابق آج سے تین ماہ قبل بجلی کی لائن اور کھمبوں کو متبادل جگہوں پر منتقل کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو کہا گیا تھا جس پر تاہنوز عملدرآمد نہیں ہوا ہے۔ مظاہرین نے محکمہ جل شکتی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کے تعمیراتی کام سے متاثر ہونے والی پائپ لائنوں کو بھی منتقل کیا جائے اور ان کی مرمت کر کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ لوگوں نے کہا کہ اس سڑک پر حفاظتی دیواروں، ، پلیوں کلوٹوں کے ساتھ ساتھ نالی اور ڈنگہ وغیرہ کی تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے کیونکہ ان کی کروڑوں روپے کی زمینیں اور مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔ مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ محکموں کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلاتے ہوئے جلد سے جلد سڑک کی زد میں آنے والے کھمبوں اور پائپ لائنوں کی متبادل جگہوں پر تنصیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل قریب میں کوئی بڑا حادثہ نہ ہونے پائے اور عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔