تعمیراتی محکموں اورٹھیکہ داروں کی رسہ کشی ,ترال اور پلوامہ میں7ہسپتالی عمارتیںمکمل محکمہ کو وقف کرنے میں لیت و لعل

سید اعجاز
ترال //ضلع پلوامہ اورترال کے مختلف علاقوں میں سرکار نے عوام کو بہترطبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جدید سہولیات سے لیس NTPHC8تعمیر کرنے کی سال2016میں منظوری دی اور ہرطبی سنٹر کوتعمیر کرنے کے لئے1کروڑ60لاکھ روپے فی کس فراہم کئے گئے۔سب سے پہلے بٹنورترال میں ہسپتالی عمارت کو عوام کے نام وقف کیا گیا جبکہ چکورہ پلوامہ ،پوچھل ،رتنی پورہ ،ہاری ترال ،رٹھسونہ ،لعل پورہ کہلیل اور آری پل کی عمارتیں 2سال پہلے مکمل کی گئی ہیں تاہم آج تک ان عمارتوں کو عوام کے نام وقف نہیں کیا گیا۔ٹھیکہ داروں اور تعمیراتی محکموں کی رسہ کشی سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور بہت بڑا رقم ضائع ہو رہا ہے۔ٹھیکہ داروں کا کہنا ہے کہ اگر وہ ان عمارتو ں کو سرکار کو پیش کریں گے تو انہیں واجب الادا رقم ملنے میں وقت لگے گا ۔تاہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹھیکہ داروںکے زیادہ پیسے باقی نہیں ہیں ۔ادھر رٹھسونہ ترال کے لوگوں نے بتایا کہ بستی میں تعمیر ایک عمارت دو سال پہلے مکمل ہوئی تاہم استعمال میں نہ لائے جانے کی وجہ سے اب یہ عمارت غیر مہذب حرکات کی آماجگاہ بن چکی ہے ۔ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان عمارتوں کو فوری طور عوام کے نام وقف کرنے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر وہ از خود ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل پلوامہ سے ایک ریزولیشن پاس کر اکے عوام کے نام وقف کریں گے جس کی تما ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔