بانہال// بھارتیہ جنتا پارٹی بانہال یونٹ کے ایک وفد نے سوموار کے روز وزیر مملکت برائے ریلوے ، کوئلہ او کان کنی راوصاحب پاٹل دنوی سے رام بن میں ملاقات کی اور کئی مطالبات ان کی نوٹس میں لائے اور انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر اور منڈل صدر بانہال شاہنواز کھانڈے اس وفد کی قیادت کر رہے تھے۔اس موقع پر انہوں نے کئی اہم اور دیرینہ مانگوں پر مشتمل ایک میمورنڈم وزیر مملکت کوپیش کیا جس میں فورلین ٹول پلازہ بانہال میں ارکان انٹرنیشنل کی ملبے کیلئے مخصوص جگہ پر کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے ، ریلوے cut and cover نزدیک ارکان دفتر ( کراؤہ ) کو بچوں اور عوام کیلئے پارک کے طور تعمیر کرنے اور چریل ، زنہال ، کسکوٹ ، کراوہ ، بنکوٹ اور چاپناڑی کے علاقوں میں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی یا CSR کے تحت زیر تعمیر ریلوے پروجیکٹ کی کل مالیت سے دو فیصدی رقم کو ان علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے رقومات خرچنے کے مطالبات شامل ہیں۔ شاہنواز کھانڈے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال کے علاقے میں نوجوانوں کیلئے کھیل کا میدان موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے یہاں کا ٹیلنٹ ضایع ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کے لامبر علاقے میں ٹول پلازہ کے نزدیک بیکار پڑی زمین میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پورے رام بن ضلع کے کھلاڑیوں کیلئے مرکزی سرکار کا ایک بڑا تحفہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی دو دہائیوں سے بانہال، رامسو اور رام بن میں کام کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کی طرف سے علاقوں کی تعمیر و ترقی کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا ہے اور سی ایس آر کے تحت تعمیر وترقی کے کام انجام نہیں دیئے گئے ہیں جبکہ پروجیکٹ قواعد و ضوابط کے تحت ایسا کرنا تعمیراتی کمپنیوں کیلئے لازمی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت برائے ریلوے راؤ صاحب پاٹل نے انہیں غور سے سننے کے بعد یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔