جموں//مجوزہ بلدیاتی انتخابات کے دوران جمہوریت کے مفہوم کوبدلنے کی کوشش کاالزام لگاتے ہوئے دویندرسنگھ رانانے کہاکہ وادی کے میونسپل وارڈوں میں بھاری تعدادمیں بلامقابلہ اُمیدواروں کی جیت جمہوری نظام میں ا س سے پہلے کبھی نہیں سنی ہے۔ بی جے پی کوہدف تنقیدبناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمہوریت کامفہوم ’بائے دی بی جے پی، آف دی بی جے پی اورفاردی بی جے پی ‘کے طورپربدلنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ان خیالات کااظہاردویندرسنگھ رانانے یہاں شیرکشمیربھون میں نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین میں شامل ہونے والے نوجوانوں کااستقبال کرتے ہوئے کیا۔رانانے کہاکہ ریاست میںانتخابی عمل کی موجودہ صورتحال اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی سیاسی اپروج نے انتخابات کوایک مذاق بنادیاہے۔بی جے پی کی طرف سے امیدواروں کی جیت کوتاریخی قراردینے پرصوبائی صدرنیشنل کانفرنس دویندرسنگھ رانانے کہاکہ یہ دیکھنادلچسپ ہوگاکہ جیتنے والے امیدوارزمینی سطح پرکیسے جاتے ہیں ۔اس موقعہ پررانانے کہاکہ ریاست میں سٹیٹ سبجیکٹ قانون مہاراجہ ہری سنگھ کی دوراندیشی کاعکاس ہے ۔انہوں نے کہاکہ مہاراجہ جی جموں وکشمیرکے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے دوراندیش نظریہ رکھتے تھے۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 35اے جموں،کشمیراورلداخ کے لوگوں کے آئینی حقوق کی ضامن ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کوان کے حقوق چھیننے کیلئے ڈرپیداکیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 35اے کی حمایت میں کچھ بھی کہاجاسکتاہے لیکن ملک دشمن نہیں کہاجاسکتاہے۔تقریب کااہتمام صوبائی صدرنیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین افتخاراحمدچوہدری نے کیاتھا۔اس موقعہ پرسینئرلیڈران نیشنل کانفرنس عبدالغنی ملک، رتن لال گپتااورڈاکٹرچمن لال گپتانے این سی ایس یومیں شامل ہونے والے نوجوانوں کاوالہانہ استقبال کیا۔اس موقعہ پرافتخارچوہدری نے کہاکہ نوجوانوں کارجحان نیشنل کانفرنس کی طرف اس جماعت کے سیکولرنظریات کی وجہ سے ہے۔اس دوران این سی ایس یومیں شمولیت اختیارکرنے والوں میں عدنان احمدبٹ، اشتیاق نائک، اشفاق احمد،ساجدحیدرملک،عامراقبال، مہیش بخشتی، شبھم بھگت، ثاقب رفیع ،بابرحسین،محمداکرم شامل تھے۔اس موقعہ پر برج موہن شرمانائب صدرصوبہ جموں اورشیخ بشیراحمدصوبائی سیکریٹری کے علاوہ ریتاگپتا،دلشادملک،عبدالغنی تیلی،وجے لوچن ،سوم راج ودیگران بھی موجودتھے۔