سرینگر+بارہمولہ//آتشزدگی کی مختلف وارداتوں میں شہر کے گوگجی باغ میں سرکاری عمارت اورزہم پورہ بونیار میںرہائشی مکان تباہ ہوگیا۔شہر کے گوگجی باغ علاقے میں واقع محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے دفتر کی عمارت میں بدھ کی صبح آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں کچھ سرکاری ریکارڈ جس میں ملازموں کے سروس بک بھی شامل ہیں، کو نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایاکہ آگ کی اس واردات کے دوران2سرکاری گاڑیوں زیرنمبراتJK01-1504اورJKD-6484 کو بھی نقصان پہنچا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ محکمہ فائراینڈایمرجنسی سروسز کے اہلکار آگ بجھانے والی گاڑیاںیہاں پہنچے اورانہوںنے آگ پرقابو پالیا تاہم آگ لگنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے محکمہ آبپائشی اور فلڈ کنٹرول کی دفتری عمارت میں لگی آگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر شمالی ضلع بارہمولہ کے زہم پورہ بونیار علاقے میں شبانہ آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔8 اور 9 جون کی درمیانی رات کو اس وقت افراتفری پھیل گئی جب لال محمد شیخ ولد عبد عبدالعزیز شیخ نامی شہری کے مکان سے آگ نمودار ہوئی۔جس کے بعد مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی شروع کی تاہم رہائشی مکان خاکستر ہو گیا اور لاکھوں روپے مالیت کی املاک راکھ ہوگئی۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی متاثرین کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جائے ۔