جموں //آل انڈیا کا نگریس کمیٹی کے سیکریٹری سدھیر شرما نے کہا ہے کہ رواں برس کے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی ۔پردیش کا نگریس کمیٹی کے ہیڈ کواٹر شہیدی چوک میں کارکنوں کے ایک اجلاس میں بولتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئند ہ پارلیمانی اور ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران مختلف سیاسی پارٹیوں کے درمیان نظریاتی جنگ بھی ہو گی ۔موصوف نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے سیکولر نظریہ کی مدد سے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کر نے میں ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے بھاجپا کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی عوام کو مذہب ،فرقوں اور خطوں میں تقسیم کر کے سیاسی مفاد حاصل کر نا چاہتی ہے ۔کانگریس سنیئر لیڈر نے کہاکہ 2014کے پارلیمانی انتخابات کے دوران بھاجپا کے لیڈران نے عوام کیساتھ جھوٹے وعدے کئے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل کو نظر انداز کرنے کے علا وہ تعمیر وترقی پر کوئی دھیان نہیں دیا جس کی وجہ سے اس وقت عوام مختلف مسائل میں مبتلا ہو چکی ہے ۔اپنے خطاب میں پارٹی سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے کہاکہ ریاستی عوام نے اس سے قبل بھی مفاد پرست طاقتوں کیخلاف اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے ۔انہوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ مخلوط حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے عوام کیساتھ کھلواڑ کیا ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کی عوام کش پالیسیوں کے سلسلہ میں عوام کو بیدار کرنے او ر کانگریس کی مضبوطی کیلئے کام کیا جائے ۔ اجلاس میں ڈاکٹر آر کے کھجوریہ ،ٹھا کر منمو ہن سنگھ ،پون شرما ،وجے شرما ،سریندر سنگھ ودیگران نے بھی شرکت کی ۔