جموں // پی ڈی ایف چیئرمین وممبر اسمبلی خانصاحب نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں انتظامیہ میں جواب دہی اور شفافیت کا جنازہ نکالا گیا ہے جس کی وجہ سے نچلی سطح پر ایک پٹواری بھی ایک وزیر سے زیادہ اہم اور طاقت ور بن گیا ہے ۔محکمہ مال کے مطالبات زر پر بحث کرتے ہوئے ممبر اسمبلی خانصاحب نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزراء کی تو بات ہی نہیں ہے بلکہ عام سرکاری اہلکار بھی چنے گئیعوامی نمائندوں کے اُن خطوط او ر مکتوب کا جواب دینا گوارا نہیں کرتے ہیں جن کا تعلق عوامی مسائل کو حل کرنے سے ہوتا ہے ۔حکیم نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا وزاء اور اعلیٰ حکام متعلقہ علاقوں میں تعمیر وترقی کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں عوامی نمائندوں کے ساتھ کوئی صلاح ومشورہ نہیں کرتے ہیں جس کی وجہ سے زمینی سطح پر سیاسی وترقیاتی عمل میں ایک وسیع خلاء پیدا ہو رہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی کاموں کیلئے زمینداروں سے حاصل کی گئی اراضی کا معاوضہ ادا کرنے کے سلسلے میں ایک شفاف طریقہ کار اپنایا جائے کیونکہ ایسے متاثرہ زمینداروں کو اپنی ہی اراضی کیلئے معاوضہ کی وصولی کیلئے مہینوں دفاتروں کا چکر کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو زمین مالکان کو معاوضہ فراہم کرنے کیلئے اُسی طریقہ کار کے مطابق ایک فعال نظام ترتیب دینے
کی ضرورت ہے جس طرح کشمیر میں ریلوے لائن کو بچھانے کے وقت خصول اراضی کیلئے اُس وقت کی حکومت نے قائم کی تھی ۔