تھنہ منڈی //مرکزی جامع مسجد گھمبیر مغلاں سے متصل دارالعلوم حنفیہ اشرفیہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور روح پرور سیرت نبیؐ کانفرنس کاانعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے علمائے کرام اور عاشقان رسولؐ نے حضور پرنور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مسجد کے امام و خطیب مولانا حافظ محمد سجاد کی نگرانی میں ہونے والے اس عظیم الشان اجلاس کی صدارت دارالعلوم حنفیہ اشرفیہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے سرپرست حاجی محمد گلزار نے کی جبکہ اس بابرکت مجلس میں مرکزی جامع مسجد راجدھانی کے امام و خطیب مولانا حافظ عبدالمجید مہمان خصوصی تھے۔ جنھوں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر ایمان افروز بیان کیا۔انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حب رسول ایمان کی شرط ہے اس کے بغیر کوئی مومن ہو ہی نہیں سکتا ہے۔ لہٰذا محبت رسول کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ لہٰذا آپ کی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ حافظ عبدالمجید نے کہا کہ نبی پاک کا مبارک طریقہ اپنائے بغیر کوئی بھی نظام عمل کامیاب نہیں ہو سکتا۔ مولانا موصوف نے اپنے خطاب میں ادارے اورمسجد کے بہترین انتظام پر ادارے اور مسجد کی تعمیری کمیٹی کے ممبران کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے وہاں پر کثیر تعداد میں موجود عاشقان رسول ؐ اور پوری امت مسلمہ کو بے بھی اس موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وہیں دارالعلوم ہذا کے طلباء نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیے۔ آخر میں انتظامیہ کمیٹی بالخصوص مولانا حافظ محمد سجاد نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس کے بعد پوری انسانیت کے لیے رقت آمیز دعا پر یہ شاندار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔