اننت ناگ //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ قصبہ کا دورہ کیا اور یہاں دارا شکوہ پارک میں عوامی نمائندوں ، وفود ، مختلف دیگر اسٹیک ہولڈرز اور ضلع انتظامیہ اور لائین محکموں کے افسران سے ملاقات کی ۔ انہوں نے ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں اٹھائے جا رہے کووڈ تخفیف اقدامات کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ کے دوران مشیر نے میڈیکل انفراسٹریکچر اور سہولیات کی صورتحال ، ویکسی نیشن اور ٹیلی ادویات کا جائیزہ لیا اس کے علاوہ مشیر نے اسٹیک ہولڈرز یعنی پی آر آئی ، مذہبی رہنماؤں ، ٹرانسپورٹرز ، تاجروں اور معاشرے کے دیگر ممتاز طبقات کے ساتھ موضوع بحث میں رائے اور تجاویز حاصل کیں ۔ مشیر نے کہا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی جائے اور کووڈ کی اس دوسری لہر کے دوران انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات اور فلاحی اقدامات کے بارے میں آراء حاصل کی جا سکیں ۔ مشیر نے کہا کہ کووڈ 19 کے خلاف جنگ انتظامیہ اور عام لوگوں کی مشترکہ اور مربوط کوشش ہونی چاہئیے ۔ اس کوارڈینیشن سے پہلے ہی اچھے نتایج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مشیر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کو تاجروں ، ہوٹلوں ، ٹرانسپورٹرز ، سول سوسائیٹی کے ممبروں اور مذہبی رہنماؤں جیسے تمام اسٹیک ہولڈروں کے تعاون سے پورا کرنے کی ضرورت ہے ۔ مشیر نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر ذاتی طور پر کووڈ 19 کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنچائتی سطح پر 5 بستر والے کووڈ کئیر سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ رورل ہیلتھ کئیر کو مضبوط بنانے کیلئے انوکھا اور انقلابی اقدام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی ادویات کی سہولیات مریضوں کے گھروں سے ان کے طبی مسائل کو حل کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہیں اور یہ تصور یو ٹی میں ٹیلی مشاورت کے طریقہ کار کے قیام میں بہت آگے بڑھے گا ۔ خان نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ مقامی طور پر مطلع شدہ کنٹینمنٹ زونز میں پابندیوں کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے باقاعدگی سے جاری لاک ڈاؤن اقدامات اور ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے مشیر کو ضلع میں اب تک کی جانے والی کامیابیوں کے علاوہ کووڈ تخفیف اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ مشیر موصوف نے تاجروں ، ٹرانسپورٹروں اور مذہبی رہنماؤں سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ مشیر نے انہیں یقین دلایا کہ تمام حقیقی معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کنورژن کے تحت منصوبہ تیار کرے جس کو وفود نے اجاگر کیا ۔ وفود نے مشیر کا ان تک پہنچنے پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں لفٹینٹ گورنر کی مخلص اور عوامی فلاح و بہبود پر مبنی کوششوں پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا ۔