سرینگر //محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائناشل کمشنر اتل ڈلو نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور ممکنہ تیسری لہر سے نپٹنے کیلئے ’’ ٹرینگ آف ماسٹر ٹرینرز‘‘ تربیتی پروگرام شروع کیا ہے اور پروگرام کے تحت بلاک اور دیہی سطح پر کام کرنے والے فرنٹ لائن ورکروں کوکویڈ ٹیسٹوں اورلوگوں میں کویڈ کے بارے میں جانکاری بڑھانے کی تربیت دی جائے گی۔ٹرینگ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں فانشنل کمشنر اتل ڈلو کے علاوہ ، ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجاز اسد، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے اتل ڈلو نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مثبت آنے والے کیسوں پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ دیہی علاقوں میں وائرس کافی تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ پہلے یہ صرف بڑے شہروں اور قصبوں تک ہی محدود تھا اور اس صورتحال سے نپٹنے کیلئے ہی اس ٹرینگ پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ڈلو نے کہا ’’ ٹرینگ آف ماسٹر ٹرینرز پروگرام‘‘ کے تحت فرنٹ لائن ورکروں جن میں آنگن وارڈی ورکروں، آشا ورکروں، اے این ایم، سرپنچوں، پنچوں، نمبرداروں، چوکیداروں اور دیگر متعلقین کو کورونا ٹیسٹ کرنے کیلئے تربیت میڈیکل آفیسران کے زیر نگرانی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں کورونا مخالف طریقہ کار کے بارے میں جانکاری دینے کے علاوہ پی پی ای کٹوں ، دستانے اور ماسکوں کو بہتر طریقے سے ٹھکانے لگانے کی بھی جانکاری لوگوں کو دیں گے تاکہ دیہی علاقوں میں وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈیوژنل کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ ابتدائی ایام میں عالمی وباء کو روکنے کیلئے ہمارے پاس کافی کم طریقے تھبے لیکن ڈیوژنل انتظامیہ نے پہلی ترجیح N95ماکس اور کورونا متاثرین کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کیلئے پی پی کٹوں کی دستیابی کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ لیکن دوسری لہر نئے امتحانات لیکر سامنے آئی اور آکسیجن کی مقدار کو بڑھانے کیلئے انتظامیہ نے ضلع اسپتالوں اور ٹریشری کیئر اسپتالوں میں آکسیجن سیلنڈروں کی دستیابی کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ تیسری لہر سے قبل ہی سرکاری نے بنیادی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ایک ٹرینگ فار ٹرینرز بھی شامل ہے جو کویڈ کیئر سینٹروں میں پنچایتی سطح اور بلاک سطح پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر ٹرینز کی ٹرینگ کا عمل یکم جون تک جاری رہے گا اور بعد میں یہی ضلع سطح پر فرنٹ لائن ورکروں کو 10جون تک تربیت فراہم کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کہا کہ پروگرام کا مقصد افرادی قوت کو تربیت دینا ہے تاکہ ممکنہ تیسری لہر کو جلد قابو میں لیا جاسکے۔