عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کے’’سکس سیزنز ۔ شِشر (شدید سردی)‘‘میگزین کے جنوری تا مارچ 2026 کے شمارے کی رسم رونمائی اَنجام دِی۔یہ شمارہ، جو’’شِشر‘‘کے موضوع پر مبنی ہے، جموں و کشمیر کی سردیوں کی عکاسی کرتا ہے اور اس عرصے کے دوران کئے گئے مختلف سیاحتی اَقدامات کو اُجاگر کرتا ہے۔ میگزین کو ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر نے مرتب کیا ہے۔تقریب میں وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت آشیش چندر ورما، ڈائریکٹر اطلاعات شریا سنگھل، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سیّد قمر سجاد اور ڈائریکٹر ٹوراِزم جموں وِکاس گپتا کے علاوہ دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔میگزین میں اہم سیاحتی مقامات پر منتخب مضامین، محکمہ کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی تقریبات کی کوریج، سیاحت، تجارت اور مہمان نوازی سے متعلق اِداروں کے سالانہ کنونشن، بڑے ٹریول مارٹس میں شرکت اور وزیر اعلیٰ کی قیادت میں کئے گئے عوامی رَسائی پروگرام شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس اقدام کی سراہنا کی اور کہا کہ اس نوعیت کی اشاعتیں جموں و کشمیر کی وسیع سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کرنے اور عالمی سطح پر اس کی رَسائی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔
عمر عبداللہ نے’ مٹی سے مقام تک‘ کتاب کی رسم رونمائی بھی انجام دی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نےڈاکٹر روپ لال شرما کی سوانح حیات جاری کی جسے ان کی صاحبزادی ڈاکٹر ساکشی شرما نے تصنیف کیا ہے۔یہ کتاب’مٹی سے مقام تک ‘جموں اِنسٹی چیوٹ آف آیورویدا اینڈ ریسرچ کے بانی چیئرمین ڈاکٹر روپ لال شرما کی زندگی کے سفر، جدوجہد اور کامیابیوں کو بیان کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے مصنفہ کی جانب سے اپنے والد کی حوصلہ اَفزا زِندگی کو قلم بند کرنے پر ان کی ستائش کی اور ڈاکٹر شرما کی تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات کو سراہا۔
جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیاجائے گا:عمر
قانون سازوں اورمختلف وفود کی وزیراعلیٰ عمرعبداللہ سے ملاقات
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// متعدداراکین اسمبلی اور وفود نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل اُٹھائے۔رُکن اسمبلی گریز نذیر احمد خان (گریزی)، ممبر اسمبلی سانبہ سُرجیت سنگھ سلاتھیہ، رُکن قانون ساز اسمبلی لولاب قیصر جمشید لون اور ممبر قانون ساز اسمبلی بنی ڈاکٹر رمیشور سنگھ نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے حلقہ انتخاب کے مختلف مسائل کو اُجاگر کیا۔رُکن اسمبلی گریز جو جموں و کشمیر کے دُور درازعلاقوں میں سے ایک کی نمائندگی کرتے ہیں، نے متعدد ترقیاتی مسائل اور اَپنے حلقہ انتخاب سے متعلق دیگر مطالبات پیش کئے۔پرائیویٹ پاور کمپنیوں کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں نئے انڈی پنڈنٹ پاور پروڈیوسرز سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا، کشتواڑ ضلع کے چشوتی۔پاڈر علاقے کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ کو چشوتی علاقے میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال، متاثرہ کنبوں کی بازآبادکاری سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور ان کے بروقت حل کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔
7ایمبولینسوں اورطبی آلات کو جھنڈی دکھا کر کیاروانہ
ہنگامی صحت کی دیکھ بھال تک رسائی مضبوط بناناہمارا مقصد:عمر عبداللہ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ جموں سے جموں و کشمیر کے متعدد اضلاع کیلئے سات ایمبو لینسوں اور دیگر طبی آلات کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو جموں و کشمیر اسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری ( سی ایس آر اقدام کے تحت فراہم کئے ہیں ۔ ایمبو لینسیں جموں و کشمیر میں 144.73لاکھ روپے کی کُل لاگت سے تقسیم کی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ جے کے ایس پی ڈی سی نے 58.80لاکھ روپے کی لاگت سے TruNat 07مشینیں اور 35.96لاکھ روپے کی لاگت سے 02ہینڈ ہیلڈ ایکسرے مشینیں فراہم کی ہیں ۔ جموں کے ایس ایم جی ایس ہسپتال میں تھیلیسیمیا ڈے کئیر سنٹر کیلئے علاج اور مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے 29.09لاکھ روپے کی لاگت سے ضروری طبی آلات اور ادویات فراہم کی گئی ہیں ۔ زندگی کے حالات کو بہتر بنانے اور بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پالاش /پریشا /ایس اے اے اودھمپور میں بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کو 3.11لاکھ روپے کی لاگت سے ضروری اشیاء فراہم کی گئی ہیں ۔ مزید براں بلائنڈ اسکول روپ نگر جموں کو 2.90لاکھ روپے کی لاگت سے مختلف بریل اشیاء فراہم کی گئی ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ ہنگامی صحت کی دیکھ بھال خاص طور پر کم سہولت والے علاقوں میں رسائی کو مضبوط بنانا ، اولین ترجیح ہے ، یہ ایمبو لینسز اور طبی آلات بروقت طبی رسپانس میں نمایاں بہتری لائیں گے اور قیمتی جانیں بچائیں گے ۔ ‘‘ اس موقع پر وزیر صحت اور طبی تعلیم سکینہ ایتو ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس پی ڈی سی ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ کو مالی سال 2025-26 کے دوران جے کے ایس پی ڈی سی کی طرف سے متعدد اضلاع میں 237.28 لاکھ روپے کے سول تعمیراتی کاموں کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ خریداری اور تعمیراتی کاموں سمیت تمام سی ایس آر اقدامات کی کُل لاگت گذشتہ مالی سال کیلئے 523 لاکھ روپے ہے ۔ جامع ترقی کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اپنے سی ایس آر اقدامات کے ذریعے اہم شعبوں کو تعاون فراہم کرنے میں جے کے ایس پی ڈی سی کے کردار کی تعریف کی ۔