مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہونے و نکاسی نظام مکمل مفلوج ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ عام لوگوں کی برسوں کی جدوجہد کے بعد بھی قصبہ کو میونسپلٹی کے زیر تحت لایا ہی نہیں جاسکا ۔مقامی لوگوں نے سیاسی لیڈران و موجودہ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے مینڈھر کو میو نسپلٹی کے دائرے میں لانے کی مانگ کی جارہی ہے لیکن ابھی تک کوئی عملی کام نہیں ہو سکا ۔انہوں نے مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں گندگی کی وجہ سے اکثر نالیاں بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے نکاسی آب نظام مکمل مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اکثر بارشوں کے دوران نالیوں کا پانی گلیوں و سڑکوں سے بہنا شروع ہوجاتا ہے جبکہ اس دوران کئی ایک رہائشی مکانات و دکانوں میں بھی پانی داخل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کا نقصان ہوتا ہے تاہم نظام کو معیاری بنانے و صفائی ستھرائی کیلئے متعلقہ حکام سے بھی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک حکام ٹس سے مس نہیں ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ بارش کے بعد مینڈھر قصبہ میں راہگیروں کا پیدل چلنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے جبکہ کئی دنوں تک گند گی کی بد بو دتاجروں کیلئے پریشانی کا باعث بنی رہتی ہے ۔عوام نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ کو میونسپلٹی کے زیر تحت لایا جائے جبکہ نکاسی آب نظام کو معیاری بنانے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔