فوج کی بھاری تعیناتی کے باوجود
گھنے جنگلات عسکریت پسندوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ ثابت
سمت بھارگو
راجوری //بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ کے جموں وپونچھ شاہراہ کے قریبی گھنے جنگلات بھاری فورسز کی تعیناتی کے باوجود عسکریت پسندوں کیلئے اک محفوظ جگہ ثابت ہورہے ہیں ۔بھاٹہ دھوڑیاں اور طوطا گلی جنگلاتی علاقہ پہاڑی اور جغرافیائی اعتبار سے مشکل ہونے کیساتھ ساتھ قدرتی طور پر غاریں بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں فوج کی بھاری نفری تعینات ہونے کے باوجود بھی ملی ٹینٹوں کی بازیاب ممکن نہیں ہو پارہی ہے ۔چاروں اطراف فوج ہونے کے باوجود بھی ملی ٹینٹ مذکورہ جنگلات میں اپنی محفوظ پناہ گاہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ان گھنے جنگلات کے ایک جانب ٹیریٹوریل فوجی کیمپ قائم ہے جبکہ دوسری جانب فوج کا ایک بریگیڈ کئی برسوں سے قائم کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ جنگلات کے ملحقہ علاقہ میں جموں وکشمیر پولیس کی تعیناتی ودیگر سیکورٹی فورسز بھی ہیں لیکن ان سب کے باوجود علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی ایک سوالہ نشان لگاتی ہے ۔محفوظ ترین جگہ ہونے کی وجہ سے ہی ملی ٹینٹ گزشتہ دو ہفتوں سے سیکورٹی فورسز کیساتھ لڑائی میں مصروف ہیں تاہم ابھی تک کوئی بھی ملی ٹینٹ ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
نوشہرہ میں نوجوان کی لاش برآمد
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں ایک 20سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ سب ڈویژن کے گھائی چریال علاقہ میں ایک بیس سالہ نوجوان کی لاش گھر سے لٹکی ہوئی باز یاب ہوئی ہے ۔مرنے والے کی شناخت ترون ویر ولد رمیش چندر سکنہ گھائی چریال کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ لاش گھر میں لٹکی ہوئی ملنے کے بعد پولیس کو اطلاع فراہم کی گئی جبکہ پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اس کو ہسپتال منتقل کیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر نے کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
بدھل میں منشیات سمیت 1گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے منشیات مخالف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے راجوری ضلع کے بدھل علاقہ میں منشیات سمیت ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ملزم کی شناخت محمد خلیل ولد محمد شریف سکنہ پھلنی بدھل کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ بدھل پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم 26اکتوبر کو دراج علاقہ میں ایک معمول کی گشت پرتھی جس کے دوران ایک شخص کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا جو کہ پولیس سے بچنے کی کوشش کررہا تھا تاہم پولیس اہلکاروں نے اس کو روک کر تلاشی لی جس کے دوران اس کے قبضہ سے نو گرام ہیروئن ضبط کرلی گئی ۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے خلاف ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 113 /2021درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
پولیس شہدا کے اہل خانہ کی حوصلہ افزائی کی گئی
منجا کوٹ //جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے راجوری ضلع کی منجا کوٹ تحصیل میں پولیس شہدا کے اہل خانہ کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔پولیس کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر منجا کوٹ پولیس سٹیشن میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ایس ڈی پی او منجا کوٹ تنویر جیلانی کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران ایس ایچ او منجا کوٹ ہر مہندر سنگھ ودیگر پولیس آفیسران و معززین اور پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ بھی موجود تھے ۔اس دوران پولیس آفیسران نے شہدا کے اہل خانہ کے مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے ان کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک سکیمیں شروع کی گئی ہیں ۔انہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ پولیس شہدا کے اہل خانہ کے تمام مسائل و مشکلات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔
تیسرے روز مغل شاہراہ ٹریفک کیلئے بحال
سمت بھارگو
راجوری //خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ کو 3روز بحال کر دیا گیا ہے ۔گزشتہ دنوں خطہ میں آئی موسمی تبدیلی او ر پیر پنچال پہاڑیوں میں ہوئی برفباری کی وجہ سے مغل شاہراہ ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے پوری طرح سے بند ہو گئی تھی تاہم مغل شاہراہ کی بحالی اور مرمت کیلئے تعینات میکینکل شعبہ کی جانب سے شاہراہ کی بحالی کیلئے برف ہٹانے کا عمل ساتھ ہی شروع کر دیا تھا ۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک آفتاب شاہ نے بتایا کہ میکینکل شعبہ کی جانب سے شاہراہ سے برف ہٹانے کے بعد اس کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ درجنوں کی تعداد میں دونوں جانب سے گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا جبکہ حکام کی جانب سے ہر طرح کی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جارہی ہے ۔
پیر پنچال میں سردی کی شدت میں اضافہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //گزشتہ دنوں جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کیساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال میں آئی موسمی تبدیلی کے بعد خطہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے ۔خطہ میں اس وقت جہاں لوگ فصلوں و گھاس کی کٹائی میں مصروف ہیں وہائیں موسمی صورتحال میں آئی تبدیلی کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ برسوں بعد اس موسم میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے جبکہ اس سے قبل متعدد علاقوں میں نومبر ماہ میں سردی کا احساس ہونا شروع ہوتا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ضلع راجوری اور پونچھ کے پہاڑی علاقوں میں ہوئی شدید بارش کیساتھ ساتھ پہاڑی علاقو ں میں پڑی موسم کی پہلی برف کی وجہ سے ملحقہ علاقوں میں سردی میں اضافہ ہو گیا ہے اور عام لوگ اب گرم ملبوسات استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔
سب سنٹر ککوڑہ کی عمارت کا حال بے حال
برسوں سے مرمت نہ ہو سکی ،انتظامیہ پرلاپرواہی کا الزام
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے ککوڑہ علاقہ میں محکمہ صحت کی طرف سے تعمیر کئے گئے سب سنٹر کا حال بے حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی طرف سے قائم کر دہ سب سنٹر کی عمارت کی تعمیر کے بعد کوئی مرمت ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ عملے کو بھی دقتوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر 2007میں بی آئی ٹی پی سکیم کے تحت عمل میں لائی گئی تھی تاہم عمارت کی تعمیر انتہائی غیر معیاری کی گئی تھی جس کی وجہ سے کچھ ہی عرصہ سے عمارت کھنڈر بننا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کی کھڑکیاں و دروازے اس وقت پوری طرح سے بوسیدہ ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمارت کی مرمت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کی گئی ہے لیکن ابھی تک اس کی مرمت نہیں کروائی جاسکی ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سب سنٹر پانچ پنچایتوں کے درمیان میں قائم کیا گیا ہے جبکہ طبی ادارے کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے مقامی لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر کی عمارت کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے ۔بلاک میڈیکل آفیسر منجا کوٹ نے بتایا کہ عمارت کی مرمت کیلئے تحریری طورپر لکھا گیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی عمارت کی مرمت کروائی جائے گی ۔
منیہال ۔ درہ رابطہ سڑک تشنہ تکمیل
عوام پریشان، انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے منیہال تا درہ رابطہ سڑک گزشتہ پانچ برسوں سے تشنہ تکمیل ہے جس کے نتیجے میں عوام کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا مذکورہ سڑک کو چند سال قبل تعمیر کیا گیا تھا ،تاہم اس وقت سڑک پر تعمیری کام نہایت ہی سست رفتاری سے چل رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سڑک کی دیکھ ریکھ کا کام محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو دیا گیا ہے۔ لوگوں کے مطابق سڑک نکالنے کے دوران متعدد زمینداروں کی زمین اور کچھ درخت بھی اس سڑک میں زد میں آ گئے جس کی وجہ سے اراضی مالکان کو ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیا۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم حال ہی میں انتظامیہ نے اس حوالے سے محکمہ کو فوری طور سڑک کا کام مکمل کرنے اور معاوضہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں، تاہم اس سلسلے میں تاہنوز کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سڑک کو فوری طور پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پونچھ میں سروس سلیکشن بورڈ کا امتحانی مرکز قائم کرنے کی مانگ
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوکریوں کے سلسلہ میں لئے جارہء امتحانات کا پونچھ میں بھی ایک مرکز قائم کیا جائے تاکہ امید واروں کو جموں میں جا کر در بدر نہ ہونا پڑے ۔پونچھ میں جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کا امتحانی مراکز نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے جوانوں کو سرکاری اور غیر سرکاری نوکریاں حاصل کرنے کے سلسلہ میں اپنے قابلیتی امتحانات دینے کے لئے جموں جانا پڑتا ہے جو یہاں کی غریب عوام کے لئے نہایت مشکل ہوجاتا ہے۔ اس سلسلہ میں سماجی و سیاسی کارکن عبدالرشید شاہپوروی نے کہا چند ماہ قبل ایس ایس اے کے امتحان جموں میں ہوئے جن میں پونچھ کے تقریباً 4000طلبا نے حصہ لیا ۔انھوں نے کہا کہ پونچھ سے امتحانات میں شامل ہونے والے ان بے روزگار نوجوانوں کا بھاری خرچہ ہوا ۔انھوں نے کہا کہ یہ غریب طلبا اس مہنگائی کے دور میںبھاری خرچا برداشت کرنے کے اہل نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کا پونچھ میں ایک سنٹر قائم کیا جائے تاکہ بچے مقامی سطح پر ہی امتحان دے سکیں ۔