اُردو یونیورسٹی میںروایتی اورفاصلاتی کورسزمیں داخلے
جموں اورسرینگرسمیت مختلف مقاما ت پر انٹرنس ٹیسٹ 26اور27 مئی کو
جموں//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مختلف روایتی طرز کے کورسز اور بی ایڈ (فاصلاتی) میں داخلوں کے لیے انٹرنس ٹسٹ 26 اور 27 ؍ مئی 2018 کو صبح 10بجے تا 12 بجے دوپہر اور دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 4 بجے منعقد ہو رہے ہیں۔پروفیسر پی فضل الرحمن، ڈائرکٹر، نظامت داخلہ کے بموجب ، پی ایچ ڈی (اردو، انگریزی، ہندی، عربی، فارسی، نظم و نسق عامہ ، صحافت و ترسیل عامہ)، ایم ٹیک (کمپیوٹر سائنس)، اور بی ایڈ میں داخلہ کے لیے انٹرنس 26 ؍ مئی کو صبح 10 بجے تا 12 بجے دوپہر منعقد ہوگا جبکہ پی ایچ ڈی (تعلیم، اسلامک اسٹڈیز، سوشل ورک، تاریخ ، معاشیات)، بی ٹیک، ایم بی اے اور پالی ٹیکنیک ڈپلوما کے لیے اسی دن 2 تا 4 بجے دن داخلہ امتحان لیا جائے گا۔ پی ایچ ڈی (مینجمنٹ، سماجیات، سیاسیات، مطالعاتِ ترجمہ)، ایم ایڈ اور ایم سی اے کے لیے انٹرنس 27؍ مئی کو 10 بجے صبح تا12 بجے دوپہر منعقد ہوگا۔ پی ایچ ڈی (ریاضی، حیاتیات، کمپیوٹر سائنس، کامرس، مطالعاتِ نسواں) ، ڈی ایل ایڈ اور بی ایڈ (فاصلاتی) کا داخلہ امتحان 2 تا 4 بجے دن ہوگا۔ طلبہ کی سہولت کے لیے دونوں دن حیدرآباد کیمپس کے لیے مین روڈ، ٹیلی کام نگر (گچی بائولی) سے امتحانی مرکز پالی ٹیکنیک بلڈنگ، یونیورسٹی کیمپس تک یونیورسٹی انتظامیہ نے مفت بس سروس کا نظم کیا ہے۔ہال ٹکٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.manuu.ac.in پر دستیاب ہیں۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہال ٹکٹ کے علاوہ اپنا کوئی معتبر فوٹو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں تاکہ شناخت کی جاسکے۔جن امیدواروں کے پاس ہال ٹکٹ اور شناختی کارڈ نہیں ہوگا انہیں امتحان لکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔روایتی طرز کے کورسز کے داخلہ امتحان یونیورسٹی ہیڈ کوارٹر حیدرآباد کے علاوہ آسنسول (مغربی بنگال)، اورنگ آباد (مہاراشٹر)، اعظم گڑھ، سنبھل ، لکھنؤ (اتر پردیش)، بنگلورو ، بیدر (کرناٹک)، بھوپال (مدھیہ پردیش)، کٹک (اڈیشہ)، دربھنگہ، کشن گنج ، پٹنہ (بہار)، دہلی (این سی آر)، گواہاٹی (آسام)، کڑپہ (آندھرا پردیش)، سری نگر (جموں و کشمیر) میں منعقد ہوں گے۔ جبکہ بی ایڈ (فاصلاتی) کے لیے انٹرنس ٹسٹ اس کے مراکز واقع حیدرآباد، پونے، آسنسول، پٹنہ، سری نگر، جموں، دہلی، بھوپال، بنگلور اور اورنگ آباد میں منعقد ہوگا۔
پیرس میں جسٹس فار چائیلڈرن ورلڈکانگریس :جسٹس ماگرے مدعو
سرینگر/چیئرمین ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی اور چیئرمین جوینائل جسٹس کمیٹی ہائی کورٹ جسٹس علی محمد ماگرے کو یونیسکو ہاوس پیرس میں منعقد ہونے والی 2018ورلڈ کانگریس آن جسٹس فار چائیلڈرن کے لئے مد عو کیا گیا ہے ۔جسٹس ماگرے جو نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی آف انڈیا کی اپیکس باڈی کے رکن بھی ہیں اُن قومی سطح کے 10جج صاحبان میں شامل ہیں جنہیں بھارت سے نامزد کیا گیا ہے اور وہ کانفرنس میں شرکت کے لئے 26؍مئی 2018ء کو روانہ ہوں گے ۔اس کانفرنس کا موضوع ہے: پوری دنیا میں نوجوان او رفیملی جسٹس نظام کو مستحکم کرنا ۔اس دوران وہاں اس نظام کو مستحکم کرنے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ توقع ہے کہ جسٹس ماگرے ورلڈ کانگریس کے دوران جوینائل جسٹس اور ملک بشمول جموں وکشمیر میں فری اینڈ کمپیٹنٹ لیگل سروسز کے مختلف معاملات کو اُجاگر کریں گے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جب ریاستی ہائی کورٹ کے کسی سینئر جج کو بین الاقوامی سطح کی اس طرح کی کانفرنس کے لئے نامزد کیا گیا ہے ۔اس کانفرنس میں جسٹس ماگرے کی شرکت اس تناظر میں بھی اہم ہے کہ ریاستی حکومت نے ریاست کے تمام ضلعوں میں جوینائل جسٹس بورڈ اور چائیلڈ ویلفیئر کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور اُمید ہے کہ یہ عمل آنے والے دنوں میں سرعت پائے گا۔
حکومت کے منصوبے ترقیاتی منظرنامے پربدلائوکے ضامن : ڈاکٹر نرمل سنگھ
کٹھوعہ/قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت نے پچھلے تین برسوں کے دوران جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اُن سے لوگوں کی زندگی میں واضح بدلائو آیا ہے اور ریاست کے ترقیاتی منظر نامے میں بھی بہتری آتی ہے ۔ سپیکر موصوف بلاور حلقے کے بھورا گائوں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کی بدولت لوگوںکی دہلیز پر اُنہیں جدید اور بنیادی سہولیات مہیا ہوتی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مختلف سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے رقومات دستیاب کرائی جارہی ہیں تاکہ عوام ان سے استفادہ کرسکیں۔عوامی میٹنگ کے دوران کماری ، کھیڑا ، بابیرا ، فافل، بھید، بلوڑ ، صوفیاں ، جوتھانا اور بھورا دیہات سے آئے لوگوں نے اپنے مسائل ڈاکٹر نرمل سنگھ کی نوٹس میں لائے ۔سپیکر نے اُن کے مسائل غور سے سنے اور اُنہیں مرحلہ وار طریقوں پر حل کرنے کا یقین دِلایا ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھورا اور ماتا بالا سندری تک 16 کروڑ روپے کی لاگت سے رابطہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔ اُنہوں نے بورا میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے اپنے سی ڈی ایف میں سے 15 لاکھ روپے واگزار کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر نے افسروں کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت دی۔
بھلوال تحصیل میں بجلی کی نایابی سے روزہ داروں کومشکلات کاسامنا
جموں// بھلوال تحصیل کے اطراف و اکناف میں بجلی سپلائی کے حوالے سے بحرانی صورت حال پرعلاقہ کے عوام میں شدیدتشویش پائی جارہی ہے خاص کرماہ صیام میں علاقہ میں محکمہ بجلی کی طرف سے غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی و محکمہ صحت عامہ کی طرف سے غیر سنجیدگی کے مظاہرہ نے بھلوال تحصیل کے عوام کو شدت کی اس گرمی میںمخمصے میں ڈال دیا ہے اور علاقہ میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے خاص طور پر علاقہ کے عوام کو بھاری مصائب کا سامنا ہے ۔جموں میں گرمی کی تیز لہر کے چلتے درجہ حرارت 44 ڈگری کو پار کررہا ہے اورماہ رمضان کامقدس مہینہ چل رہاہے ۔لوگوں نے کہاکہ محکمہ بجلی ومحکمہ صحت عامہ پانی سپلائی وبجلی نظام میں بہتری لانے کے مخلوط سرکار کے بلند بانگ دعوئوںکے باجود اس بحران سے نپٹنے میں صاف طور پر ناکا م نظر آرہا ہے ۔رتی کنئی،دھنوں ،گلالی،سروٹ ودیگرعلاقہ جات کے لوگوں نے کشمیر اعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے محکمہ متعلقہ پر الزام لگایا کہ علاقہ کے لوگوں کورمضان میں بھی بجلی کی بارہا آنکھ مچولی کی وجہ سے ماہ صیام میں شدت کی اس گرمی میںجینا محال ہوگیا ہے کیو نکہ محکمہ نے دن وشام اور رات کے وقت بغیر اعلان کے بجلی بند کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے اور علاقہ کے عوام میں محکمہ بجلی و محکمہ صحت عامہ کے تئیںبھاری تشویش پائی جارہی ہے اور محکمہ بجلی و محکمہ صحت عامہ عوام کی بھاری مانگوں کے باوجود غفلت شعاری کے باعث خواب خرگوش میں مبتلاہے ۔علاقہ کے عوام نے ریاستی وزیراعلیٰ اورمحکمہ بجلی کے وزیرسنیل شرماسے اس سلسلہ میں خصوصی طور سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرف فوری توجہ دیں اور تحصیل بھلوال کے دیہات میں خصوصی طور پرماہ رمضان کے دوران بجلی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ بصور ت دیگر علاقہ کے عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔
بی جے پی سوشل میڈیاشعبے نے نامزدگیاں عمل میں لائیں
جموں//بی جے پی آئی ٹی اینڈ سوشل میڈیاڈیپارٹمنٹ نے ریاستی کوانچارج ، ضلع انچارج اورسٹیٹ ایگزیکٹیو ممبران نامزدکیاہے۔یہ نامزدگیاں بی جے پی آئی ٹی اینڈسوشل میڈیاڈیپارٹمنٹ انچارج جے دیوراجوال کی منظوری سے بی جے پی ریاستی صدراورایم ایل اے نوشہرہ رویندررینہ اوربی جے پی ریاستی جنرل سیکریٹری اشوک کول نے عمل میں لائیں۔جواس طرح ہے سنجیومنموترہ،وجے موہن ٹھاکور، الطاف ٹھاکور، جمیانگ نمگیال اورپرشوتم وید کوکوانچارج ، ایم کے رازدان کوآفس سیکریٹری،سندیپ سنگھ چب کوضلع انچارج جموں،پونیت مہاجن کوضلع انچارج جموں ویست، سمیت بالی کوضلع انچارج آرایس پورہ، کلدیپ بھان کوضلع انچارج جموں رورل، وجے شرما کوضلع انچارج اکھنور، ونیت رینہ کوضلع انچارج کشمیرڈس پلیسڈ ، جسبیر سنگھ پال کوضلع انچارج سانبہ، راکیش شرما کوضلع انچارج نوشہرہ،نشچل روترا کوضلع انچارج راجوری، پونیت مہتا کوضلع انچارج ادہم پورطارق لون کوضلع انچارج رام بن، وویشورسنگھ منہاس کوضلع انچارج ڈوڈہ،گورو راٹھورکوضلع انچارج کشتواڑ،منجیت سنگھ کوضلع انچارج کٹھوعہ، جسویندرسنگھ کوضلع انچارج بسوہلی نامزدکیاگیاہے۔ریاستی ایگزیکٹیوممبران میں تلک راج ،گوپال مہاجن، ششی گوسوامی،وپن شاستری، شلپی ورما، وینوگوترو، انورادھاشرما،سنجیتاڈوگرہ،وینوکھنہ،ریکھامہاجن،سنگیتاگپتا، نیروآنند، انجوڈوگرہ، ونے گپتا،شری کیرنی ،انوپ کمار، گلشن بھگت، پورن چند،نرائن شرما، اشانت گپتا، بی آرشرما، میرچند، پرکا ش چندجموال، سندیپ شرما،راجیش جنڈیال،ونے پوری،ویک پٹیال، راکیش کول، سورن سنگھ بھائو، ہنرگپتا، رمنیک سنگھ منہاس، رادھے شام بھگت، معروف بٹ، جگتارسنگھ،چمیل سنگھ،سنجے شرما،انی رودھ کمار، سوشیل ٹنڈن ،اجے کماراورادتیہ کمارشامل ہیں۔
جموں میں پاکستانی ایجنٹ موجود:جموں چیمبرکادعویٰ
وویک ماتھر
جموں//جموں چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹریز نے دعویٰ کیاہے کہ جموں میں پاکستان کے ایجنڈے موجودہیں جن کی نشاندہی کرکے انہیں سماج سے الگ تھلگ کیاجاناچاہیئے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران جموں چیمبرس آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدرراکیش گپتانے کہاکہ ہم سب ہندو،مسلمانوں،سکھوں اورکرسچنوں کوجموں میں موجودپاکستانی ایجنٹوں سے باخبررہنے کی ضرورت ہے اوران کے منصوبوں کوناکام بنایاجاناچاہیئے۔گپتانے کہاکہ جموں بس سٹینڈمیں گرنینڈحملہ سے ظاہرہوتاہے کہ پاکستان حکومت ہندکے سیزفائر کے اعلان سے بوکھلاہٹ کاشکارہوگیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہندنے کشمیرمیں سیزفائرکیاہواہے جس سے بوکھلاہٹ کاشکارہوکرپاکستان انٹرنیشنل بارڈراورایل اوسی پرسیزفائرکی خلاف ورزیاں کرکے معصوم شہریوں کی جانیں لے رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی ملی ٹینٹوں کے وحشت ناک عزائم کوپرامن جموں میں قطعی برداش تنہیں کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں کے لوگوں کوبلالحاظ مذہب وملت متحدہوکردشمن کوکراراجواب دیناچاہیئے۔چیمبرکے صدرنے حکومت ہندسے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیرمیں انٹرنیشنل بارڈراور آئی بی پرلوگوں کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے بنکروں کی تعمیرکویقینی بنائے۔علاوہ ازیں چیمبرصدرنے جموں میں بجلی بحران کی جوڈیشل تحقیقات کی بھی مانگ کی۔انہوں نے کہاکہ جموں میں بجلی کی کٹوتی کیوں کی جارہی ہے اس کی جوڈیشل جانچ ہونی چائے ۔