کرالہ گنڈ ہندوارہ میں حادثہ
سکوٹر سوار جا ں بحق 2شہری زخمی
اشرف چرا غ
کپوارہ // کرالہ گنڈ ہندوارہ میں سڑک کے ایک دلدو ز حادثہ میں ایک سکو ٹر سوار جا ں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہو ئے ۔معلوم ہوا ہے کہ کرالہ گنڈ علاقہ میں ایک مو ٹر سائیکل اور ایک لو ڈ کیر ئر کے درمیان ٹکر ہو ئی جس دوران مو ٹر سائیکل سوار تین افراد زخمی ہو ئے ۔مقامی لوگو ں نے زخمیو ں کو فور ی طور اسپتال پہنچایا جہا ں ایک مو ٹر سائیکل سوار اپنے زخمو ں کی تاب نہ لاکر دم تو ڑ بیٹھا اور اس کی شنا خت جا زم احمد ساکن لنگیٹ کے بطور ہوئی ۔پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔
چیمبروفدپرنسپل سیکریٹری صنعت وتجارت سے ملاقی
قالین صنعت سے وابستہ لوگوں کی حالت زار سے آگاہ کیا
سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے صدر شیخ عاشق کی سربراہی میں پرنسپل سیکریٹری صنعت و تجارت ، راجن پرکاش ٹھاکر سے ملاقات کی اور انہیں قالین صنعت سے وابستہ لوگوں کی حالت زار سے آگاہ کیا جبکہ زوال پذیر صنعت کو بحال کرنے میں حکومت سے مداخلت کی درخواست کی۔ ترجمان کے مطابق صدر چیمبرنے ماڈل قالین ولیج کے قیام کی ضرورت کی تجویز پیش کی اور سات سو سال پرانی صنعت کو بچانے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے اور مقامی ، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس کے تحفظ ، ترویج اور بحالی میں حکومتوں سے تعاون کی کوشش پر زور دیا۔ چیمبر کے صدر شیخ عاشق احمد کی سربراہی میں وفد آل کشمیر کارپٹ مینوفیکچرس اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، میراث کارپٹ ویورز کوآپریٹو لمیٹڈ اور کشمیر کارپٹ کلسٹر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن پر مشتمل تھا، جس نے اس صنعت کی بحالی اورحکومت کی طرف سے اپنائے جانے والے اقدامات کی تجویز دی ۔ پرنسپل سیکریٹری صنعت و تجارت کی سربراہی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میںڈائریکٹر ہینڈکرافٹ اینڈ ہینڈلوم ڈیپارٹمنٹ محمود احمد شاہ ، ایم ڈی ، ہینڈکرافٹ اینڈ ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن حشمت علی یتو ڈائریکٹر ، انڈین انسٹیٹیوٹ آف کارپٹ ٹکنالوجی ، زبیر احمد اور دیگر افسران کے علاوہ شاہدکاملی ، صدر ، ایف سی آئی کے سمیت مختلف تجارتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شیخ عاشق۔ پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے بلال کاوسہ،مہاراج کرشن بھٹ اور مختلف تجارتی اداروں کے دیگر ممبران نے منظم انداز میں انفراسٹرکچر تیار کرکے ہینڈلوم اور ہینڈکرافٹ مصنوعات کی پیداوار سے وابستہ شناخت شدہ علاقوں میں ماڈل قالین ولیج کے قیام کی درخواست کی۔ ترجمان نے کہا ’’ابتدائی طور پر 200 کنال اراضی کو مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کو ایک منظم انداز میں فراہم کی جانی چاہئے اور اسٹیک ہولڈرز سے آن لائن درخواست دینے اور متعلقہ تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) پیش کرنے کو کہا جائے‘‘۔ ،" ترجمان نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز اور امدادی کارکنوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے ۔
گونمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ میں مریضوں کامؤثر علاج جاری:پرنسپل
بارہمولہ//فیاض بخاری //کورونا وائرس وبائی بیماری کی دوسری لہر کے دوران گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہ مولہ میں کووِڈ- 19اور غیر کووِڈ مریضوں کا علاج موثر طور کیاگیااور دونوں کا ایک دوسرے پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ان باتوں کااظہار کالج کی پرنسپل ڈاکٹر روبی ریشی نے ایک بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ دو کووِڈ – 19 مراکز بیک وقت انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم اور جی ایم سی میں کام کررہے ہیں، جس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے دن رات انتھک محنت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی گئی اور روزانہ 2000 سے زیادہ ٹیسٹ کئے جارہے ہیں جو وادی کشمیر میں سب سے زیادہ ہے۔ پرنسپل نے بتایا کہ ان ٹیسٹوں کے نتائج 24 گھنٹوں میں ظاہر کئے جاتے ہیں اور مزید طبی معائنے اور تحقیق کے لئے 5 5 فیصد نمونے اسکمز بھجوا دیئے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر روبی ریشی نے مزید کہا کہ کالج کی وائرولوجی لیب میں جانچ خدمات دوسری لہر کے دوران تین گنا یا اس سے بھی چار گنا بڑھ گئیں اور لیب میں 3 آر ٹی پی سی آر سیٹ اپ قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کالج کے مجموعی کام کو بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جو مستقبل میں فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ پرنسپل نے صحت کارکنوں اور دیگر وابستہ اسٹیک ہولڈرز کی تعریف اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکل اوقات کے دوران مختلف حکام بالخصوص ضلع انتظامیہ اور این ایچ ایم نے اپنا بھر پور تعاون دیا جس کی وجہ سے لوگوں کو معیاری اور موثر صحت نگہداشت خدمات کی فراہمی ممکن ہوئی۔
لاک ڈائون خلاف ورزیاں
۔6729اافراد سے11,14,800روپے جرمانہ وصول
سرینگر//گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کو قابو کرنے کیلئے نافذ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں27افرادکوگرفتار کرکے 20ایف آئی آر درج کئے جبکہ وادی بھرمیں6729افراد سے گیارہ لاکھ چودہ ہزارآٹھ سو روپے جرمانہ بھی وصول کیاگیا۔اس کے علاوہ پولیس نے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر چھ گاڑیاں بھی ضبط کیں۔کووِڈ سے بچائو کے رہنماخطوط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کی مہم جاری ہے اور پولیس نے سماج کے ذی شعورافراد سے اس سلسلے میں تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔کشمیروادی میں کورونا لاک ڈائون کے نفاذپر سختی سے لاگو کرنے کیلئے پولیس کی مہم جاری رہے گی۔
بارہمولہ میں مغوی لڑکی بازیاب،ملزم گرفتار
بارہ مولہ//بارہ مولہ پولیس نے اغواء کی گئی ایک لڑکی کو گرفتار کرکے ملزم کوحراست میں لیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق ووسن پولیس چوکی کوٹینگ پورہ پٹن کے غلام حسن ڈار نامی ایک شہری نے شکایت درج کی کہ اس کی دخترکواشفاق احمد نامی ایک لڑکے نے اغوا کیا ہے۔پولیس نے کیس زیر ایف آئی آر نمبر138/2021درج کرکے لڑکی کی تلاش شروع کی اورلڑکی کو ٹینگ پورہ پٹن کراسنگ علاقہ سے بازیاب کرکے قانونی وارثین کے سپردکیاگیا۔کیس کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں،کچھ نہیں ہوگا:ہلال جان
سرینگر// 6 ہزار فورسزاہلکاروں کی واپسی کے بعد وادی میں افواہوں کے پھیل جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتیہ جنتاپارٹی اقلیتی مورچہ کے سینئررہنمااورترجمان اعلیٰ ہلال جان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پرکان نہ دھریں۔ایک بیان میں انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں بلکہ اپنے کام پر توجہ مرکوزرکھیں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ کچھ نہیں ہونے والاہے اور لوگوں کے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری فورسزکی انتخابی ڈیوٹی سے واپسی ایک معمول ہے۔ہلال جان نے مزیدکہا کہ موجودہ حالات میںکچھ سیاسی جماعتوں نے افادیت کھودی ہے اور وہ اپنی سیاسی دکان چمکانے کیلئے افواہیں کا بازار گرم کررہے ہیں۔ جان نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ لوگوں کی بہتری کیلئے صورت حال کی وضاحت کرے ۔
روایتی زرعی سرگرمیوں کو منافع بخش تجارت بنایا جائے:جے پی شرما
شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی میں صنعت کاروں کے ساتھ تبادلہ خیال
سرینگر//شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی میں جمعہ کو ملک کی معروف دس زرعی ٹیکنالوجی صنعت کاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کااہتمام کیا گیا ۔یونیورسٹی کے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اوراندسٹری کے درمیان یہ اس سلسلے کی پہلی کڑی تھی جس کااہتمام انویشن اینڈ اینٹری پرنیورشپ سیل نے FICCIکے اشتراک سے کیاتھااور جس کیلئے عالمی بینک کے پروجیکٹ کے تحت شیر کشمیرزرعی یونیورسٹی کے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے رقومات فراہم کی جارہی ہیں ۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر جے پی شرما،جو مہمان خصوصی بھی تھے،نے ایسی پروگراموں کی اہمیت کواُجاگر کیا تاکہ صنعت اورماہرین تعلیم کے درمیان خلیج کو پاٹا جائے۔انہوں نے ایسے نظام کو اپنانے پرزوردیا جوعلاقائی ہو اور مخصوص فصلوں پر مبنی ہو تاکہ اراضی کو روزبرز کم ہورہی ہے،پرزیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جائے۔انہوں نے زراعت کو روایتی زرعی سرگرمیوں کو منافع بخش تجارت کے طور اپنانے پر زوردیا۔ڈائریکٹر پلاننگ PI NAHEPپروفیسر نذیراحمد گنائی نے باہمی مفادات کے لئے صنعت کواسٹیک ہولڈر بنانے کا خیال پیش کیا۔انہوں نے مشاہدہ کیاکہ ہنرمند انسانی سرمایہ کاری اور ایجادات صنعتوں کے فروغ کیلئے لازمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اشتراک سے ہمارے گریجویٹ نئے دور کی ٹیکنالوجی ،کاروباری جدتوں اور صنعتوں کے موافق بن جائیں گے اوروہ انڈسٹری جہاں انہیں کثیر معاوضہ دیاجائے گا میں نوکری کے اہل ہوں گے۔ انڈسٹری کی طرف سے امت شکلا نے ایجادات کی ایک مفصل جانکاری دی تاکہ پانی کے استعمال کوموثر بنایاجائے۔
کوکرناگ میں خاتون کی مبینہ خودکشی
کیس درج، تحقیقات شروع
عارف بلوچ
اننت ناگ//کوکرناگ میں جواں سال خاتون نے مبینہ طور خودکوپھانسی دیکراپنی زندگی کا خاتمہ کیا ۔ چھری پنزگام نامی گائوں میں اس وقت تشویش کی لہردوڑ گئی جب یہاں جمعہ کوبعددوپہرایک 30سالہ خاتون کی نعش گھرکے ایک کمرے میں لٹکی پائی گئی ۔ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیاکہ 30سالہ شادی شدہ خاتون نے گھرمیں خود کوپھانسی دیکر خودکشی کی ہے۔افرادخانہ نے جب مذکورہ خاتون کوایک کمرے میں لٹکے پایا، توانہوں نے اسکو نزدیک ہی واقع پرائمری ہیلتھ سینٹرلارنو پہنچایا تاہم یہاں موجودڈاکٹروں نے خاتون کومردہ قرار دیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ٹنگمرگ میونسپل کمیٹی میں ایگزیکیٹو افسر کی کرسی خالی
ٹنگمرگ/مشتاق الحسن/ٹنگمرگ میونسپل کمیٹی میں ایگز یکٹیو افسر کی کرسی گزشتہ 10روز سے خالی ہے جس کے نتیجہ میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ میونسپل کمیٹی ٹنگمرگ میں تعینات ایگز یکیٹو افسر گزشتہ ماہ 31تاریخ کو سروس سے سبکدوش ہوا جس کے بعد نئے ایگز یکیٹو افسر کی تعیناتی عمل میںنہیں لائی گئی۔ ایگزیکٹیو افسر کی کرسی خالی رہنے سے عام لوگوں کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں اور انہیں روز میونسپل کمیٹی کے دفتر کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے ڈایریکٹر لوکل باڈیز کشمیر سے فوری طور ایگز یکیٹو افسر تعینات کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
ڈی ڈی سی وائس چیئرمین کا شوپیاں دورہ
عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی دی
سرینگر//عوامی رابطہ مہم کے تحت ڈی ڈی سی وائس چیئرمین شوپیان عرفان منہاس نے اپنی پارٹی کے دیگر کارکنان کے ہمراہ ضلع کے پوٹروال، نزنین پورہ، نوسی پورہ، چک حاجی، چک باقر، پنزروغیرہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران عرفان منہاس سے متعدد عوامی وفود، سول سوسائٹی ممبران ملاقی ہوئے جنہوں نے مسائل کے بارے جانکاری دی۔ پنزر میں سکھ طبقہ نے بھی اُن سے ملاقات کی اور علاقہ میں ترقیاتی مسائل کی جانکاری دی۔ اس دوران زیادہ تر لوگوں نے سڑک، پانی اور بجلی سے متعلق اپنے مسائل کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے موقع پر ہی عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے کئی اہم فیصلے لئے اور یقین دلایاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں تیزی سے ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن مدد کریں گے۔ عرفان منہاس نے مقامی نوجوانوں سے کھیل کے میدان سے متعلق تبادلہ خیال کیا جنہوں نے انہیں کھیل کود ڈھانچہ کی جانکاری دی۔ عرفان منہاس نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ وہ تمام تر کوششیں کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ضلع میں جدید آرٹ اسپورٹس انفراسٹرکچر ان کے لئے دستیاب ہوجس سے اُن کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی راہ ہموار ہوگی ۔
تیل خاکی کی عدم دستیابی تشویشناک: اپنی پارٹی
سرینگر//اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے جموں وکشمیر میں مٹی کا تیل دستیاب نہ ہونے پر تشویش کااظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تیل خاکی کی عدم دستیابی سے سماج کے کمزور طبقہ جات کو دور دراز علاقہ جات میں سب سے زیادہ متاثر ہونا پڑ رہا ہے۔ فاروق اندرابی نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ زمینی حقیقت سے واقف ہونا چاہئے اور ابھی بھی لوگوں کا ایک وسیع حلقہ تیل خاکی پر منحصر ہے۔انہوںنے کہا کہ حکام کو یہ بات معلوم ہونی چاہئے کہ جموں وکشمیر کے دور دراز علاقوں کے ہرگھر میں نہ ہی ایل پی جی گیس کنکشن ہے اور نہ ہی 24×7 گھنٹے بجلی سپلائی مہیا ہوتی ہے اور ان کا دارومدار تیل خاکی پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ مٹی کا تیل صرف بلیک مارکیٹ سے ہی ملتا ہے اور انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ کالا بازاری پر روک لگائے اور ضرور ت مندوں میں ماہانہ طور پر تیل خاکی کا کوٹہ فراہم کرے۔
مولانا سید قاسم شاہ بخاری کو برسی پر خراج عقیدت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے مفسر قرآ ن مولانا سید قاسم شاہ بخاری کو برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے کہا کہ مولانا سید قاسم شاہ بخاری نابغہ روزگار اور ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے دینی ، تعلیمی اور اصلاحی میدانوں میں بیش بہا خدمات انجام دیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔انہوںنے کہاکہ مولانا قاسم شاہ کی کاوشوں کا ثمرہ تھا کہ حنفیہ کالج قائم ہوا اور سینکڑوں طلبا کیلئے دینی تعلیم کی حصول کا ذریعہ بن گیا۔ انہوںنے کہاکہ مولانا قاسم بخاری کو تصنیفی اور تالیفی خدمات کے سبب ملت انہیں صدیوں تک یاد رکھے گی اور ان کے افکارو علوم سے استفادہ کرے گی۔
نورباغ بارہمولہ آتشزدگی واردات
ایل جی کے مشیر اور صوبائی کمشنر نے صورتحال کاجائزہ لیا
۔29 کنبوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی امدادفراہم
فیاض بخاری
بارہمولہ//گزشتہ روز شمالی قصبہ بارہمولہ کے نور باغ علاقے میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں 15 رہائشی مکانات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے جس کے سبب 30 کنبے بے گھر ہوئے جسکے نتیجے میں وہ کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر مشیر بصیر احمد خان نے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار اور دیگر اعلی افسران کے ہمراہ جمعہ کونورباغ بارہمولہ کا دورہ کیا اورمتاثرین سے ملاقات کی ۔ اس موقعہ پربصیر خان نے صورتحال کا جائزہ لیا جس کے دوران آگ سے متاثرہ افراد نے مشکلات اور مطالبات سے آگاہ کیا۔بصیر خان نے دیگر امدادی سامان کے علاوہ فوری طور پر ہر متاثرہ خاندان کو فی کس 50,000ہزار روپے چیک تقسیم کئے ۔ انہوں نے ایس ڈی آر ایف کے تحت اضافی ریلیف کی فراہمی کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں میں ایک ماہ تک مفت راشن دینے کا بھی اعلان کیا۔بصیر خان نے ڈی سی کو ہدایت کی کہ وہ ایک جامع تشخیص کرے تاکہ ان کو PMAY ہاسنگ اسکیم کے تحت کور کیا جاسکے۔ ادھر ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے ڈی سی اور ایس ایس پی بارہمولہ کے ہمراہ نور باغ کا دورہ کر کے متاثرین کو فوری طور پر مدد کی یقین دہانی دی ۔ڈی آئی جی شمالی کشمیر سجیت کمار نے بھی بارہمولہ کے نور باغ علاقے میں آگ متاثرین کے ساتھ اظہارہمدردی کی اور ہر ممکنہ امداد کی یقین دہانی دی ۔
آتشزدگان کی بازآبادکاری کی مانگ
سرینگر//نیشنل کانفرنس ،اپنی پارٹی اور جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے نورباغ بارہمولہ میں بھیانک آتشزدگی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرین کی بازآبادکاری کی مانگ کی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان برائے شمالی کشمیر محمد اکبر لون نے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کئے جائیں۔ اُنہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ آتشزدگان کے عارضی قیام و طعام کا انتظام کرنے کے علاوہ ان کی فوری امدادکاری کی جائے تاکہ یہ لوگ دوبارہ اپنے آشیانے بنا سکیں۔ پارٹی کے ضلع بارہمولہ صدر جاوید احمد ڈار، ضلع سکریٹری غلام حسن راہی اور شاہد علی نے بھی انتظامیہ سے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کی مانگ کی ہے۔ ادھر اپنی پارٹی ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آگ کی اس واردات کو بدقسمت قرار دیتے ہوئے کہاکہ قریب30کنبہ جات بے گھر ہوگئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کو چاہئے کہ غریب اور مستحق افراد کی مدد کی جائے، انہیں جلد سے جلد ریلیف دی جائے تاکہ وہ پھر سے اپنے مکانات کی تعمیر کرسکیں۔اس دوران جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین و سابق سپیکر مبارک گل ، چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے نور باغ بارہمولہ میں آتشزدگی متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دکھ اور افسوس ظاہر کیا ہے ۔ انہوںنے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی فوری امداد اور بازآبادکاری کی جائے ۔ضلع چیئرمین بارہمولہ کی سربراہی میں ایک ٹیم نور باغ بارہمولہ گئی اور متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
الاچی ذب اور آورہ ترہگام
آ ورہ کتو ں کے حملے میں بچے سمیت کئی خواتین زخمی
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی کشمیر کے ترہگام کے مضافاتی گائو ں آ ورہ اور الا چی ذب میں آورہ کتو ں نے گزشتہ ایک ہفتہ سے ادھم مچا رکھی ہے جس کی وجہ سے لوگو ں کا جینا حرام ہوگیا ہے ۔مقامی لوگو ں کے مطابق ترہگام سے چند کلو میٹر دور واقع شیر مالی الاچی ذب اور دیگر دیہات میں آورہ کتو ں نے لوگو ں کی ناک میں دم کررکھا ہے ۔مذکورہ علاقوں کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران آورہ کتو ں نے پورے علاقہ میں دہشت پیدا کر دی ہے جس کی وجہ سے لوگ اپنے گھرو ں میں سہم کر رہ گئے ہیں ۔لوگو ں کا مزید کہنا ہے کہ تا زہ حملوں میں آ ورہ کتو ں نے متعدد خواتین سمیت کئی بچو ں پر حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا جس کے بعد انہیں علاج و معالجہ کے لئے اسپتال میں دا خل کیا گیا ۔شیر مالی اور الاچی ذب کے لوگو ں کا کہنا ہے آج کل دھان کی پنیری لگانے کا کام عروج پر ہے اور آ ورہ کتو ں کے ڈر کی وجہ سے وہ اپنے کھیت اور کھلیانو ں پر جانے میں خوف محسو س کر رہے ہیں ۔
الیکٹرک ایمپلائز یونین کااظہار تعزیت
سرینگر// ٹریڈ یونین لیڈر اور الیکٹرک ایمپلائز یونین کے سینئر لیڈر فاروق احمد متو کی والدہ کے انتقال پر متعدد ملازم و تجارتی انجمنوں نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔ جموں کشمیر الیکٹرک ایمپلائز یونین نے فاروق احمد متو کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی ۔ اس دوران نان پنشنرس اسکیم ایمپلائز یونائٹیڈ فرنٹ کے صدر محمد اشرف اور چیئرمین اشونی شرما ،کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار ،کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار اور کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن(بقال) کے نائب صدر حاجی نثار نے بھی فاروق احمد متو سے تعزیت کی۔