یواین آئی
ماسکو// روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک اور کار بم دھماکے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی تحقیقاتی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دھماکہ اْس وقت ہوا جب اہلکار اپنی پولیس کار کے قریب کھڑے ایک مشتبہ شخص کے پاس پہنچا۔روسی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق، واقعے کی جگہ پر ایک کرائم سین قائم کر دیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق روسی ٹی وی پر نشر ہونے والی تصاویر میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر موجود دکھائی دیے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 30 منٹ پر ہوا۔واضح رہے کہ دو دن قبل روسی فوج کے ایک سینئر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فانیل سارواروف بھی جنوبی ماسکو میں اپنی گاڑی کے نیچے نصب کار بم دھماکے میں لقمہ اجل بن گئے تھے۔روسی حکام کی تحقیقات کے مطابق روسی فوج کے جنرل اسٹاف کی آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹری کے سربراہ جنرل سارواروف کی ہلاکت ممکنہ طور پر یوکرینی انٹیلی جنس کی طرف سے کیا گیا ممکنہ قتل تھا۔ ان کی گاڑی یاسینیوا اسٹریٹ پر صبح سات بجے دھماکے کی زد میں آئی تھی۔