کپواڑہ//جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے جج اورچیئرمین بلڈنگ اینڈ انفراسٹرکچر کمیٹی و ایگزیکٹو چیئرمین (جے کے ایل ایس اے) جسٹس علی محمد ماگرے اور جج ، ہائی کورٹ جموں و کشمیر (انتظامی جج برائے ضلع کپواڑہ)جسٹس ونود چٹرجی کول نے کپوارہ کا دورہ کیا اور سلسلہ وار سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔اس موقعہ پر ، جسٹس ماگرے نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کپواڑہ میں جسٹس کول کی موجودگی میں ای خدمت مرکز اور ودھک خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپواڑہ ، تسلیم عارف۔ چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ، کپواڑہ ، عرفان سلطان پنڈت پوری ،وائس چیئرمین ڈی ڈی سی کپواڑہ حاجی فاروق احمد میر،ضلع ترقیاتی کمشنرکپواڑہ امام الدینم، ایس ایس پی کپواڑہ، ایس پی ہندواڑہ ، سکریٹری ڈی ایل ایس اے کے علاوہ دیگر جج ، وکلا اور ضلعی افسران موجود تھے۔اس موقعہ پر جسٹس ماگرے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا مقصدہر شہری کو انصاف کی آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای خدمت مرکز وہ سہولت ہے جس کے ذریعہ ایک مقدمہ باز جموں و کشمیر کی کسی بھی عدالت میں ورچیول موڈ کے ذریعہ مقدمہ دائر کرسکتا ہے اور قانونی چارہ جوئی کی حیثیت اور مقدمات آسانی سے حاصل کرسکتا ہے۔سہولیات کا افتتاح کرتے ہوئے جسٹس ماگرے نے سہولت مرکز میں دستیاب سامان کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو ہدایت کی کہ وہ PLVs کی اسکریننگ کریں اور تین PLVs کا انتخاب کریں جوکمپیوٹر چلانا جانتے ہو اور باری باری بنیاد پر کام کرسکے۔ انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت بھی دی۔ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی ایک اور تقریب میں جسٹس علی محمدماگرے نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے کووڈ متاثرین میں چیکوں کی صورت میں ریلیف، کھانے پینے کی اشیاء، ویل چیئر اور سننے کے آلات تقسیم کئے جن کی مالیت قریب 5لاکھ روپے ہے۔ بعد میں کانفرنس ہال ڈی سی آفس کپوارہ میں جسٹس ماگرے نے سول، پولیس اور عدلیہ کی انتظامیہ سے میٹنگ کی اور عدالتی ڈھانچے اور عمارتوں کا جائزہ لیا۔