سرمد حفیظ کی صدارت میں میٹنگ کا انعقاد

سری نگر//سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے ایس کے آئی سی سی میں سینئر اَفسران کی میٹنگ منعقد کی اور اَپنے اَپنے محکموں کی کارکردگی کے سلسلے میں ہدایات جاری کیں۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جے کے سی سی سی ، ناظم سیاحت کشمیر ، ناظم سیاحت جموں ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹور اِزم ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ڈی ٹی سی ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی ، ڈیولپمنٹ اَتھارٹیوں کے تمام چیف ایگزیکٹیو اَفسران اور دیگر متعلقین نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے سیکرٹری نے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ اَپنے اَپنے حد اِختیار میں جدت طرازیوں کے اِقدامات کرنے کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے سرکاری دفاتر میں بدعنوانی کے خاتمے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے دفاتر میں ملازمین کا چارٹر ڈسپلے کریں۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ دوپہر 2 بج کر 30 منٹ سے 3بج کر 30 منٹ تک ذاتی طور یا فون پر لوگوں کی شکایات ، امور وغیرہ کے مسئلے کے ازالے کے لئے دستیاب رہیں۔اُنہوں نے اَفسران کو فائلوں کے بروقت تصرف کے لئے بھی متاثر کیا کیوں کہ سرکاری محکمہ اور دفاتر اِی۔ آفس کی طرف بڑھ چکے ہیں ۔ اِس کے علاوہ باقاعدہ فائلوں کو مقررہ وقت کے مطابق فعال کرنا چاہیئے کیوں کہ یہ نظام فائلوں کی مناسب ٹریکنگ کے قابل بنایا گیاہے۔سیکرٹری سیاحت نے دفاتر میں افرادی قوت کے زیادہ سے زیادہ استعما ل پر زور دیا تاکہ ملازمین اور کارکنوں کو مناسب طریقے سے بروئے کار لایا جاسکے اور سیاحتی شعبے کے تجارتی اور ٹریول آپریٹروں کے لئے صلاحیت پیدا کرنے کے پروگراموں کے علاوہ مارکیٹ کی طلب و تقاضے کے مطابق جدید تربیتی ماڈیول بھی فراہم کئے جائیں ۔سرمد حفیظ نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں اور محکمہ سیاحت کے مابین اِنٹرفیس ہونے کے لئے اَپنی تمام ویب سائٹوں کو اَپ ڈیٹ کریں ، جہاں لوگوں کو سیاحت سے متعلق معلومات حاصل ہوں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ بھرتی قواعد کو یقینی بناکر متعلقہ محکموں کے ساتھ عمل کریں ۔اِس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر جے کے سی سی سی ، ناظم سیاحت کشمیر اور جموں نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کیا اور یقین دِلایا کہ جو بھی ہدایات منظور کی گئی ہیں اسے منطقی اَنجام تک پہنچایا جائے گا۔اس سے قبل سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے صوبہ کشمیر کے تجارتی اور ٹریول آپریٹروں کے ساتھ ایک میٹنگ بھی منعقد کی جس میں سیکرٹر نے سیاحتی شعبے کو کھولنے کے لئے ان سے تعاون کی اپیل کی۔سیکرٹری نے کہا کہ سیاحتی شعبے کے ضمن میں 80 فی صد ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیاجاچکا ہے جبکہ باقی 20 فیصد ٹیکہ جات کو ترجیح دی جائے گی تاکہ صد فیصد ٹیکے لگائے جائیں۔میٹنگ میں شہرکے دور ے کے لئے مسافر بس سروس ، اَیڈونچر ٹور اِزم کے لئے ہیلی کاپٹر خدمات وغیرہ پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔