جموں / مکانات اور شہری ترقی کے وزیر ست پال شرما نے جموں شہر کا تفصیلی دورہ کر کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا برسرِ موقعہ جائیزہ لیا ۔ وزیر موصوف کے ہمراہ فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، سیکرٹری پی ایچ ای ایم راجو ، وائسد چئیر مین جے ڈی اے اور دیگر افسران تھے ۔ وزیر موصوف نے توی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا معائینہ کرنے کے دوران افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس پروجیکٹ کی عمل آوری میں تیزی لائیں ۔ جموں رنگ روڈ پروجیکٹ کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کے دوران انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ پروجیکٹ موجودہ سڑک رابطوں کے ساتھ میل کھائے تا کہ ٹریفک کی گنجانیت کو کم کیا جا سکے اور لوگوں کو عبور و مرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔ جموں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے وزیر نے اس پروجیکٹ میں تیزی لانے کی ہدایت دی تا کہ شہر کے ترقیاتی منظر نامے کو بڑھاوا دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ ست شرما نے جموں ہیبی ٹائیٹس سنٹر کا معائینہ کرنے کے دوران افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اسے جموں شہر کا ایک اہم مقام بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر میں ہر طرح کی سہولیات بہم کرائی جانی چاہئیں تا کہ یہ سیاحوں کیلئے دلکشی کا مرکز بن سکے ۔