ترال+اننت ناگ //ترال اور کوکر ناگ میں سیکورٹی فورسز نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 13نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی جبکہ 6نوجوانوں کو اسلحہ اٹھانے سے روک دیا گیا۔گرفتار شدگان میں 2بھائی بھی شامل ہیں۔ ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف نے پولیس اسٹیشن ترال میں جمعرات کی شام6بجے بلائی گئی پریس کانفرنس میں بتایا کہ اونتی پورہ پولیس ،42 آر آر،اور130بٹالین سی آر پی ایف نے مشترکہ کارروائی میں6 نوجوانوں کو حراست میں لیا جو عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے جارہے تھے۔جن نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ، ان میں عاقب دھوبی ساکن ترال،مظفر احمدزرگر ساکن ترال پائین،سیف اللہ شاہ ساکن تکیہ گلاب باغ،لیاقت احمد کھانڈے ساکن املر،صہب احمد بٹ ساکن چرسو اونتی پورہ،بلال احمد زبوترال بالا شامل ہیں۔ایس ایس پی نے بتایا مذکورہ نوجوانوں نے جنگجوئیت میں شامل ہونے کا منصوبہ بنایا تھا جس کو ناکام بنادیا گیا ۔انہوں نے بتایا "ان نوجوانوں نے عسکریت پسندوں کے ساتھیوں کے ذریعے مذکورہ علاقے میں سرگرم جنگجوئوں سے رابطہ قائم کیاتھا۔پولیس نے اس کے علاوہ جیش جنگجوئوں کے اعانت کاروں کا ایک گروہ بھی حراست میں کیا ہے۔اس نیٹ ورک میں شامل نوجوانوں کی شناخت سجاد احمد شیخ ساکن پنگلش ترال،عادل حسین شیخ ترال بالا،محمد اقبال باباولد حاجی محمد اسلم بابا ترال بالا،یاسر امین ڈارنور آباد ترال بالا،شوکت احمد شیخ بٹہ گنڈ،عبید احمد میر اورعادل احمد بٹ ساکن کونثر بل ترال کے طور کی گئی ہے ۔پولیس نے بتایا مزکورہ نوجوان باقی نوجوانوں کو ملٹنسی میں شمولیت کے لئے مائل کرنے میں ملوث تھے ۔ایس ایس پی نے کہا کہ گرفتار نوجوان ترال اور اونتی پورہ علاقوں میں جیش محمد کے عسکریت پسندوں کو رسد ، پناہ دینے ، اسلحہ / گولہ بارود کی نقل و حمل اور دیگر طرح کی مدد فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ "انہوں نے مزید بتایاکہ گرفتار نوجوان مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مقیم جنگجوئوں کمانڈروں سے رابطے میں تھے۔ اس حوالے سے کیس زیر نمبر51/202 پولیس اسٹیشن ترال میںدرج کیا گیا ہے ۔ادھراننت ناگ میں پولیس نے جنگجوئوں کے اعانت کاروں کو گرفتار کرکے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعوی کیا ہے ۔جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔ پولیس نے کوکرناگ میں جاوید احمد بٹ و زبیر احمد بٹ ساکنان ساگم کے تحویل سے ہتھ گولہ اور گولیوں کے 14 راونڈ بر آمد کئے ۔جاوید پیشہ سے ڈرائیور ہے جبکہ زبیر احمد کا ذاتی کاروبار ہے۔پولیس کے مطابق دوران پوچھ گچھ گرفتار نوجوانوں کی نشاندہی پر مزید 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ، جن میں 2 بھائی بھی شامل ہیں ،گرفتار شدگان میں فرید احمد مینگنو، مظفر احمد مینگنو ،ظہور احمد میر ساکنان شیخ پورہ وائیلو اور محمد امین ڈار ساکن ڈار پورہ دیولگام شامل ہیں ۔گرفتار افراد پیشہ سے مزدور ہیں۔ گرفتار افراد کے خلاف کیس زیر نمبر 90/21 کے تحت درج کیا گیا ہے ۔