پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی مورچہ کی جانب سے پونچھ ضلع کی تحصیل منڈی کے لورن علاقہ میں اجلاس منعقد کرکے عوامی مشکلات کا جائزہ لیا۔ اجلاس کی قیادت اقلیتی مورچہ کے جموں و کشمیر کے کوآرڈی نیٹر گوردیپ سنگھ خالصہ کررہے تھے جنہوں نے لورن کے کئی علاقوں میں عوامی میٹنگیں منعقد کر کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور انکو یقین دلایا کہ ان کے سبھی مسائل کو حل کروایا جائے گا۔ انہوں نے اس دورے کے بعد زرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے ان کے سامنے بجلی اور پانی کی شکایات رکھیں جن پر انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی مشکلات کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر انہیں حل کروائیں گے اور ضرورت محسوس ہونے پر وہ ان کی مانگوں کو ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر تک پہنچا کر بھی حل کروائیں گے۔اس دوران انہوں نے لوگوں کو مرکزی حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں سے متعلق جانکاری فراہم کرکے انکو ان سکیموں سے فایدہ حاصل کرنے کی ہدایات دیں۔