عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ریاسی میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے5اساتذہ کو ان کی تفویض کردہ انتخابی ڈیوٹی کیلئے رپورٹ نہ کرنے پر معطل کر دیا ہے۔ معطلی کے حکم کے مطابق اساتذہ معطلی کی مدت کے دوران چیف ایجوکیشن آفیسرکے دفتر سے منسلک رہیں گے۔حکم نامہ کے مطابق گلاب گڑھ اور شری ماتا ویشنو دیوی اسمبلی حلقوںکے ریٹرنگ آفیسروںکی جانب سے تحریری طور پر اس دفتر کو آگاہ کیاگیا کہ گلاب گڑھ حلقہ میںپرائمری سکول دادا گالا کے ٹیچرمحمد اشرف اور اسمبلی حلقہ شری ماتا ویشنو دیوی میںپرائمری سکول ڈاسانو کے ٹیچر گیان چند،پرائمری سکول ملک پورہ کے ٹیچر غلام احمد،ہائی سکول سجاندار کے ٹیچر محمد نذیراورمڈل سکول اپر ٹکسن کے ٹیچرمحمد اقبال کو ہوم ووٹنگ ڈیوٹی پر مامور کیاگیاتھا تاہم 17ستمبر کوہوم ووٹنگ ڈیوٹی کے دوران یہ سبھی ٹیچر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے جس کی بنا پر سروس رولز کی خلاف ورزی پر انہیں فوری طور معطل کرکے چیف ایجوکیشن آفیسر ریاسی کے دفتر کے ساتھ منسلک کیاجاتا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاسی کلبھوشن کھجوریہ کوتحقیقاتی آفیسر مقرر کرکے دس دنوںکے اندر اندر تحقیقاتی رپورٹ جمع کر نے کی ہدایت دی گئی۔