راجوری//راجوری قصبہ کے وارڈ نمبر چار کے محلہ آئی ٹی آئی کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں پچھلے تین سال سے محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے پینے کا پانی سپلائی نہیں کیا جارہا ۔انہوںنے بتایاکہ تیس سال قبل بچھا ئی گئی واٹر سپلائی پائپ لائن مکمل طورپرناکارہ ہوچکی ہے جس سے اب مقامی آبادی کو پینے کا پانی فراہم نہیں ہورہا اور متعلقہ حکام نے کوئی متبادل انتظام کرنے کی زحمت کبھی گوارہ ہی نہیں کی۔ منظور حسین ، الطاف احمداور فاروق احمد نامی شہریوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محلے کی پائپ لائن خستہ ہونے کی وجہ سے پینے کا پانی اکثر گھروں میں نہیں پہنچ رہا اور اب لوگ پانی دیگر جگہو ں سے حاصل کررہے ہیں جو نہایت ہی مشکل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لگاتار تین سال سے محکمہ کو درخواست پر درخواست دے رہے ہیں لیکن صرف یقین دہانی پر ہی بات ختم کردی جاتی ہے اوراس سے آگے اب تک کوئی اقدام نہیں اٹھایاگیا ۔ان کاکہناتھاکہ محکمہ یہ کہہ کر بات ٹال دیتا ہے کہ اس کے پاس فنڈس اور پائپیں نہیں ہیں جس کی وجہ سے نئی پائپ لائن بچھانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ جب اس ضمن میں ایگزیکٹوانجینئر محکمہ پی ایچ ای نثار خان سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ پائپ لائن درست ہے اور مذکورہ محلے کو براہ راست پانی سپلائی ہورہا ہے تاہم اکثر لوگوں نے غیر قانونی طور پر پائپ لائنیں پنچر کررکھی ہیں جس کی وجہ سے پورے محلے میں پانی سپلائی ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائن ٹھیک کرنے کیلئے ایک پرپوزل چیف انجینئر کو بھیج دیا گیا ہے اور جونہی کوئی حکم نامہ آتا ہے تو اس پر کام شروع کردیاجائے گا ۔