عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے موقع پر ضلع راجوری میں مختلف سیکورٹی فورسز اور سرکاری اداروں نے شجرکاری مہمات اور بیداری پروگراموں کا انعقاد کرکے ماحولیات کے تحفظ کا پیغام عام کیا۔ ان پروگراموں کا مقصد عوام میں درختوں کی اہمیت، ماحولیاتی توازن اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے تئیں شعور بیدار کرنا تھا۔راجوری پولیس کی جانب سے ضلع کے مختلف علاقوں بشمول راجوری، نوشہرہ، کوٹرنکہ، کالاکوٹ اور تھنہ منڈی میں شجرکاری مہمات کا انعقاد کیا گیا۔ ان پروگراموں میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مختلف مقامات پر پودے لگا کر سرسبز ماحول کے فروغ کا پیغام دیا۔اس موقع پر سینئر پولیس افسران نے کہا کہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ درخت ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور نگہداشت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ مکمل درخت بن سکیں۔ادھر لائن آف کنٹرول کے قریب جھنگڑ سیکٹر میں بھارتی فوج نے بھی عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں بوائز مڈل اسکول سریہ میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا، جس میں طلبہ، والدین اور اسکول عملے نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران ماحولیات کے تحفظ، پلاسٹک کے کم استعمال اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے پر خصوصی لیکچرز دیے گئے۔اس موقع پر اسکول احاطے میں پودے بھی لگائے گئے جبکہ طلباء نے پوسٹر سازی مقابلوں اور ہندی و انگریزی زبان میں نظموں کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مقررین نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اسی طرح سی آر پی ایف کی اے/246 بٹالین کی جانب سے دالوگرا راجوری میں بھی شجرکاری مہم چلائی گئی۔ کمپنی کمانڈر انسپکٹر پریم چند مینا کی قیادت میں اہلکاروں نے پودے لگا کر ماحول کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ انسپکٹر پریم چند مینا نے اپنے خطاب میں کہا کہ قدرتی ماحول کا تحفظ ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور اگر ماحولیات کے تحفظ پر توجہ نہ دی گئی تو آنے والی نسلوں کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے آلودگی کم کرنے، پانی اور بجلی کے تحفظ اور پلاسٹک کے استعمال میں کمی پر زور دیا۔ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) راجوری نے بھی اپنے ہیڈکوارٹر اور لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں پر بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلائی، جس میں افسران، اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ نے حصہ لیا۔مقررین نے کہا کہ درخت ماحول کو صاف رکھنے، کاربن اخراج کم کرنے اور پائیدار مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ راجوری میں مختلف اداروں کی جانب سے منعقدہ ان سرگرمیوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ماحولیات کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور سرسبز مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔