جموں//جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں 44 دستوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر ہیمنت کمار شرما نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔ ہیمنت کمار نے اس موقعہ پر موجود نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں سیکورٹی کے کافی پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہم نے پوری تیاری کرلی ہے۔ ریہرسل میں اسکولی بچوں کی خاصی شرکت رہی۔ کل ملاکر 44 دستے شرکت کررہے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا ’ہم اپنی طرف سے الرٹ ہیں۔ سب کچھ ٹھیک رہے گا۔ ہم نے پوری تیاری کرلی ہے‘۔ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ادہم پور
ادہم پور//یوم جمہوریہ کی تقریبات کو احسن طریقے سے منانے کے لئے گورنمنٹ پی جی کالج بوائز میں ایک فل ریہرسل ڈریس کا انعقاد کیا گیا۔ یوم جمہوریہ کے موقعہ پر ڈپٹی کمشنر ادہم پور رویندر کمار صبح 9بجکر 55منٹ پر قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف ، ایس کے پی اے،ہوم گارڈز،ڈسٹرکٹ پولیس،این سی سی،اور سکولی بچوں کے دستوں کی جانب سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہا کہ بہت بڑی قربانیوں کے بعد ہمیں یہ آزادی ملی ہے اس لئے اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے اس موقعہ پر ضلع ادہم پور کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی۔ایس ایس پی رئیس احمد بٹ، اے ڈی سی کرشن لال ،اے سی رینوسبھاش ڈوگرہ ، سی ای او جے آر بھاردواج اور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
سیکورٹی انتظامات
ذرائع کے مطابق یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل دراندازی کی ممکنہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے جموں خطہ میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر شبانہ گشت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات جہاں جہاں منعقد ہونے والی ہیں، کو چوبیسوں گھنٹے سیکورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔موجودہ حالات کے پیش نظرپورے صوبہ میں بھی انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے حوالے سے سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جہاںریاستی گورنر این این ووہرا پرچم کشائی کی رسم انجام دیں گے۔ مولانا آزاد اسٹیدیم میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے احسن انعقاد کے لئے سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے۔ کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے اسٹیڈیم کے گردونواح میں ریاستی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر گاڑیوں کی تلاشی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا جموں وکشمیر پولیس نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں متعدد ایڈوائزریز جاری کردی ہیں جن میں اہلیان ریاست کو الرٹ رہنے اورکسی بھی لاوارث چیز کو ہاتھ لگانے سے اجتناب کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ ایڈوائزریز میں تمام پولیس تھانوں اور چوکیوںکے سربراہوں کو چوبیسوں گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔