کابل//قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ شیر محمد عباس ستانکزئی نے کہا ہے کہ دو دن میں نئی افغان حکومت کا اعلان اور کابل ائیرپورٹ فعال ہوجائے گا اور قطرسے ماہرین کی ٹیم فضائی آپریشن کی بحالی کیلئے کابل ائیرپورٹ پہنچ گئی ہے ۔ شیر محمد ستانکزئی نے کہا کہ نئی افغان حکومت میں گزشتہ 20 برس کے دوران حکومت میں رہنے والے افراد شامل نہیں ہوں گے ، نئی حکومت میں خواتین کی کافی تعداد ہوگی البتہ اعلیٰ عہدوں پر ان کی تعیناتی مشکل ہے ۔ عباس ستانکزئی نے کہا ہے نئی افغان حکومت جامع اور افغانستان کی تمام اقوام کی نمائندہ ہوگی، افغان متحد اور متفق ہیں، امریکہ سمیت یورپی یونین اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ دنیا کو چاہیے کہ وہ صورتحال سے فائدہ اُٹھائیں، نئی افغان حکومت کو تسلیم کر لیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر حالیہ افرا تفری امریکیوں کی بدانتظامی کی وجہ سے ہوئی اور ائیرپورٹ کی بحالی نو کیلئے 3 کروڑ ڈالر کی رقم درکار ہوگی۔دریں اثناء ماہرین پر مشتمل ٹیم قطر سے کابل ائیرپورٹ پہنچ گئی ہے جو کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن کو مکمل طور پر بحال کرنے میں معاونت فراہم کرے گی۔طالبان کی جانب سے کابل ائیرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد تکنیکی ٹیم کابل ائیرپورٹ کے آپریشنزبحال کرنے کے سلسلے میں بات کرنے آئی ہے اور ائیرپورٹ کی سکیورٹی اور آپریشن بحالی کے حوالے سے بات چیت کی جارہی ہے ۔