عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے باعث دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے حالیہ شدید گرمی اور حبس سے لوگوں کو خاطر خواہ راحت ملی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 18 جولائی تک بیشتر علاقوں میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، جبکہ 19 جولائی سے بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے سری نگر مرکز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ایک یا دو مرتبہ بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوئی، جبکہ جموں ڈویڑن کے چناب ویلی اور پیر پنجال کے چند علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔بارش کے نتیجے میں جموں و کشمیر بھر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔
سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ روز کے 30.2 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں تقریباً 7 ڈگری کم اور معمول سے بھی کم رہا۔ قاضی گنڈ میں 23 ڈگری، کوکرناگ میں 22.5 ڈگری، پہلگام میں 18.5 ڈگری اور گلمرگ میں 16.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔جموں ڈویژن میں جموں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کٹرا میں 28.6، بانہال میں 24، بٹوٹ میں 24.1 اور بھدرواہ میں 23.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جنوبی، وسطی اور شمالی کشمیر کے متعدد اضلاع میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوئی۔ گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ سمیت مشہور سیاحتی مقامات پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ شری امرناتھ یاترا کے پہلگام اور بالتل راستوں پر بھی بارش ہوئی، تاہم اس کے باوجود یاترا معمول کے مطابق جاری رہی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وادی میں سب سے زیادہ 42.6 ملی میٹر بارش پہلگام میں ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ ہفتہ کی شام اوویرا وائلڈ لائف سینکچری کے علاقے میں پیش آنے والا بادل پھٹنے کا واقعہ بتایا گیا۔ اس کے علاوہ پونچھ میں 30 ملی میٹر، سونہ مرگ میں 21 ملی میٹر، گلمرگ میں 11.8 ملی میٹر اور بارہمولہ میں 5.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ 13 سے 17 جولائی تک جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم عمومی طور پر خشک رہے گا، تاہم چند مقامات پر کہیں کہیں مختصر مدت کی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 19 سے 21 جولائی کے درمیان جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا نیا سلسلہ متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔