عظمیٰ نیوز سروس
جموں // محکمہ صحت و طبی تعلیم نے جموں و کشمیر میں طبی تعلیم شعبے اورمیڈیکل کے خواہشمند طلبأ کے لئے ایک اہم پیش رفت میں اعلان کیا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن ( این ایم سی )نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ( جی ایم سی )جموں میںسالانہ ایم بی بی ایس داخلہ گنجائش بڑھانے کی اِجازت دی ہے۔این ایم سی کے میڈیکل اسسمنٹ اینڈ ریٹنگ بورڈ (ایم اے آر بی) نے کالج کے لئے اِضافی 50 ایم بی بی ایس نشستوں کی منظوری دیتے ہوئے لیٹر آف پرمیشن (ایل او پی) جاری کیا ہے۔
اِس منظوری کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں سالانہ ایم بی بی ایس نشستوں کی تعداد موجودہ 200 سے بڑھ کر 250 ہو جائے گی جس کا اطلاق آئندہ تعلیمی سال 2026-27 سے ہوگا۔ یہ بات قابل ذِکر ہے کہ اس سے قبل 10 جولائی 2026 ء کو این ایم سی نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے حق میں بھی 50 اضافی ایم بی بی ایس نشستوں کی منظوری دی تھی جس کے نتیجے میں جی ایم سی سری نگر کی کُل داخلہ گنجائش بھی 250 نشستوں تک پہنچ گئی۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم نے دونوں گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں اِضافی نشستوں کی منظوری پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے محکمہ کہا کہ یہ توسیع طبی بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے، اَفرادی وسائل کی صلاحیت میں اضافہ کرنے اور مقامی نوجوانوں کو علاقے میں طبی کیریئر کے حصول کی خاطر زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔