عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) نے پیر کو الزام لگایا کہ اس کی سینئر قیادت کو 13 جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارشہداء جانے سے روکا گیا۔پارٹی کے مطابق، اے آئی پی قائدین بشمول ایم ایل اے لنگیٹ شیخ خورشید، چیف ترجمان انعام النبی اور پارٹی کے کئی دیگر عہدیداروں کو پولیس نے بشمبر نگر میں روک لیا جب وہ سرینگر میں شہداء کے قبرستان کی طرف بڑھ رہے تھے۔پارٹی نے مزید دعویٰ کیا کہ کئی سینئر لیڈروں کو شرکت سے روکنے کے لیے گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔ مبینہ طور پر ان کی رہائش گاہوں تک محدود رہنے والوں میں جنرل سکریٹری شہزادہ پرویز، ضلع صدر بارہمولہ اعجاز لون، سینئر لیڈر نصیر احمد راتھر اور کئی دیگر پارٹی رہنما شامل تھے۔دریں اثناء بارہمولہ سے رکن پارلیمنٹ انجینئررشید جو تہاڑ جیل میں بند ہیں، 13 جولائی کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بھوک ہڑتال پر رہے۔