عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر، انشول گرگ نے پیر کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (SKIMS)، صورہ کا دورہ کیا، جہاں مختلف صحت کے مسائل کے ساتھ اسپتال میں داخل امرناتھ جی یاتریوں کو فراہم کی جارہی طبی دیکھ بھال اور علاج کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران، ڈویژنل کمشنر نے زیر علاج یاتریوں سے بات چیت کی اور ان کی صحت، خیریت اور فراہم کی جانے والی طبی دیکھ بھال کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے انہیں اپنے قیام کے دوران بہترین ممکنہ صحت کی دیکھ بھال اور مدد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کے مکمل تعاون اور عزم کا یقین دلایا۔
گرگ نے ہسپتال انتظامیہ اور سینئر ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ علاج کے پروٹوکول پر کڑی نظر رکھیں اور تمام ضروری طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ہر داخل یاتری کو فوری، جامع اور معیاری صحت کی دیکھ بھال فراہم کی جائے۔SKIMS ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف گنائی نے ڈوئژنل کمشنر کو بتایا کہ ہسپتال میں یاتریوں کو خصوصی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے خصوصی طبی اور معاون عملے کے ساتھ ایک مخصوص وارڈ مختص کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکمز کو اب تک 44 یاتری علاج کے لیے آئے ہیں، جن میں سے 28 کو صحت یاب ہونے کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔