سرینگر // جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جولائی کے بعد سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے۔پچھلے 3ماہ کے دوران یہ سب سے کم تعداد ہے۔اس سے قبل 13جولائی کو 63 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ادھر کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے44ہزار 136 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3مسافروں سمیت 53افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد3لاکھ 30 ہزار586ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 5ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 4426بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 53افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 9جبکہ کشمیر میں 44متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 44افراد میں سے2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر لوٹے جبکہ 42افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 44افراد میں سرینگر میں 22،بارہمولہ میں 5،بڈگام میں 8،پلوامہ میں 1، کپوارہ میں 6اورگاندربل میں 2جبکہ اننت ناگ ، بانڈی پورہ، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 6ہزار489تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران کشمیر میں مسلسل 5ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2252بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں کے 7اضلاع جن میں دھمپور،ڈوڈہ، کٹھوعہ،سانبہ،کشتواڑ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 3اضلاع میں 9افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں جموں میں 4، راجوری میں 4اورپونچھ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ 24ہزار97ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں بھی 24گھنٹوں کے دوران کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2174بنی ہوئی ہے۔