محمد تسکین
بانہال //سیکورٹی ایجنسیوں نے پیر کے روز سالانہ امرناتھ یاترا سے قبل جموں-بانہال قومی شاہراہ پر ایک بڑے پیمانے پر موک ڈرل کا انعقاد کیا، جس میں یاترا کے راستے پر حفاظتی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس میکانزم کی جانچ کی گئی۔اس مشق میں 640 گاڑیوں کا ایک قافلہ شامل تھا اور اسے متعدد ایجنسیوں کے ذریعہ مشترکہ طور پر انجام دیا گیا تاکہ آنے والی یاترا کے دوران یاتریوں کی آسانی سے نقل و حرکت کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس مشق میں قافلے کی سیکورٹی، انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن، ٹریفک مینجمنٹ اور یاترا کے دوران پیش آنے والے مختلف ہنگامی حالات کے لیے ہنگامی خدمات کے ردعمل پر توجہ مرکوز کی گئی۔اس مشق میں مواصلاتی نظام، تعیناتی کی حکمت عملی اور سیکورٹی اہلکاروں اور سول انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ ہائی وے پر کسی بھی صورت حال پر فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
موک ڈرل سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل کی جانے والی جامع سیکورٹی اور لاجسٹک تیاریوں کا حصہ ہے۔ ڈرائی رن کے دوران ڈویژنل کمشنر جموں ر، آئی جی پی جموں، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی ڈوڈہ، ادھمپور، کٹھوعہ، سی آر پی ایف کے اعلی افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود رہے۔چندرکوٹ یاتری لنگر مقام پر قیام کے دوران افسران نے یاتریوں کی سہولیات کا جائزہ لیا، جن میں رہائش، کھانے پینے، ٹریفک نظم و نسق اور دیگر ضروری خدمات شامل ہیں۔ بعد ازاں قافلہ، بانہال کی جانب روانہ ہوا اور لامبر گرائونڈ بانہال میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ادھر یاترا سے قبل نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا نے جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر تعمیر کی گئی 3.5 کلومیٹر طویل ڈگڈول۔ پنتھیال ٹنل کا کامیاب ٹرائل رن کیا۔ ڈرائی رن کے تحت پہلی بار یاترا قافلے کی گاڑیوں کو دو ٹیوب والی اس ٹنل کی ایک ٹیوب سے گزرنے کی اجازت دی گئی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر شبھم یادو نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹنل کی ایک ٹیوب یاترا ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے تیار کر دی گئی ہے اور ڈرائی رن کے دوران کامیاب آزمائش مکمل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ٹنل کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ صرف سائیڈ وائٹ اسٹرپ پینٹنگ کا کام جاری ہے، جو آئندہ ایک یا دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔