جون میں اب تک کا تیسرا گرم ترین دن ریکارڈ، درجہ حرارت 35.3ڈگری
بلال فرقانی
سرینگر//وادی کشمیر مسلسل چوتھے روز بھی گرمی کی لپیٹ میں رہی اور پیر کو سرینگر میں موسم گرما کا اب تک کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں سیزن کا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل اتوار کو سرینگر میں پارہ 33.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سرینگر میں 29 جون 2026 کو ریکارڈ کیا گیا 35.3 ڈگری درجہ حرارت گزشتہ دس برسوں کے دوران جون کے مہینے کا دوسرا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل جون 2025 میں 20 جون کو پارہ 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا، جبکہ 2023 میں 35.0، 2022 میں 34.2، 2021 میں 34.7، 2020 میں 32.9، 2019 میں 30.5، 2018 میں 35.0، 2017 میں 33.2 اور 2016 میں 34.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اگرچہ رواں سال کا درجہ حرارت گزشتہ برس کے ریکارڈ سے معمولی کم رہا، تاہم یہ حالیہ برسوں کے بلند ترین درجہ حرارت میں شامل ہے۔ محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق سرینگر میں جون کے مہینے کا ہمہ وقتی (آل ٹائم) بلند ترین درجہ حرارت 37.8 ڈگری سینٹی گریڈ 29 جون 1978 کو ریکارڈ کیا گیا تھا، جو آج بھی برقرار ہے۔عمومی طور پر امسال اپریل سے وادی کشمیر میں وقفے وقفے سے لگاتار بارشیں ہوتی رہیں۔جون کے مہینے میں اوسطاً درجہ حرارت 33یا 34ڈگری تک جاتا تھا لیکن اس سال ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔
البتہ گذشتہ 48گھنٹوں سے وادی میں درجہ حرارت 32ڈگری سے اوپر چلا گیا۔مئی اور جون میں ہر شام بارشیں، تیز آندھی اور شدید ژالہ باری روز کا معمول رہا اور ہر علاقے میں یہی صورتحال رہی۔البتہ جون کے جاتیء جاتے گرمی کا زور بڑھ گیا اور پیر کو ریکارڈ درجہ حرارت رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری شدید گرمی کے باوجود کشمیر مسلسل آنے والے کمزور مگر متواتر مغربی سلسلوں (ویسٹرن ڈسٹربنس) سے متاثر رہا۔ اگرچہ یہ موسمی سرگرمیاں زیادہ تر مقامی نوعیت کی تھیں، تاہم بعض علاقوں میں بادل پھٹنے جیسے واقعات بھی رونما ہوئے، جن سے خصوصاً سیب کے باغات کو نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو قاضی گنڈ میں 33.8، کپواڑہ میں 32.7، کوکرناگ میں 32.9، پہلگام میں 29.0 اور گلمرگ میں 26.2 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا۔جموں خطے میں جموں شہرمیں 36.9، کٹرہ میں 35.6، بھدرواہ میں.9 32، بنی ہال میں 31.9 اور بٹوٹ میں 29.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 30 جون تک جموں و کشمیر میں موسم عمومی طور خشک رہے گا اوریکم جولائی سے 5 جولائی کے درمیان ایک نیا مغربی سلسلہ داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش، گرج چمک، تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور چند مقامات پر ڑالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ 6 سے 8 جولائی کے دوران دوبارہ گرم اور مرطوب موسم لوٹ سکتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے امکانات برقرار رہیں گے۔کشمیر میں گرمی کی لہر کی موجودہ صورتحال بدھ سے کم ہونے کی امید ہے، مغربی ڈسٹربنس کی آمد کے بعد جمعرات سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔