مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے کیری کانگڑھ علاقہ میں قائم کردہ گور نمنٹ ہائی سکول کیری کانگڑھ کا برسوں بعد بھی درجہ بڑھایا نہ جاسکا جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی برس قبل سکول کا درجہ مڈل سے بڑھا کر ہائی سکول کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد کئی دہائیوں سے سکول کو ہائر سکینڈری کا درجہ نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں بچوں کو گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول ہرنی اور مینڈھر میں دربدر ہونا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ ہائی سکول کئی پنچایت کے درمیان واقعہ ہے جبکہ اس کے زیر تحت کئی مڈل او ر پرائمری سکول بھی آتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی مڈل سکولوں کے طلبا ء آٹھویں جماعت کے بعد گور نمنٹ ہائی سکول کیری کانگڑھ میں تعلیم کیلئے جاتے ہیں تاہم ایک بڑی تعداد میں بچے ہائی سکول سطح کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مزید تعلیم کا سلسلہ ختم کردیتے ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ علاقہ کی آبادی کی ایک بڑی تعداد بی پی ایل زمرے سے تعلق رکھتی ہے جس کی وجہ سے وہ بچوں کی اعلیٰ تعلیم برداشت نہیں کرپارہے ہیں تاہم ہائر سکینڈری سکول دور ہونے کی وجہ سے علاقہ کی بچیوں کی ایک بڑی تعداد گھریلو کام کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا گیا ہے لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہائی سکول کا درجہ بڑھا کر ہائر سکینڈری کیا جائے تاکہ بچوں کو اپنے ہی علاقہ میں معیاری تعلیم مل سکے ۔