جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے معذوروں کے عالمی دن کے موقعہ پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، سیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو، ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار، پرسنز وِد ڈِس ایبلٹیز محکمہ کی کمشنر ایم اقبال لون اور چیئرمین جے کے بوس پروفیسر وینا پنڈتا بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔گورنر نے جسمانی طور ناخیز افراد کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ان لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے مناسب بنیادی ڈھانچے اور اداروں کو فعال بنانے کی بھی ہدایت دی۔سکولی تعلیم محکمہ کی طرف سے منعقدہ اس تقریب کی ستائش کرتے ہوئے گورنر نے جسمانی طور ناخیز افراد کے لئے فراخدلانہ عطیات دینے پر زور دیا۔اس موقعہ پرجسمانی طور ناخیز بچوں نے تمدنی پروگرام پیش کیا۔ اس سلسلے میں گورنر نے ان بچوں کیلئے نقد انعام کا اعلان کیا۔اس کے علاوہ گورنر نے جسمانی طور ناخیز30 بچوں کیلئے بنگلور، کرناٹک میں پانچ روزہ اورنٹیشن پروگرام کا بھی اعلان کیا ۔ اس کے علاوہ دسمبر 2018 کو تقریب میں حصہ لینے والے بچوں کو مانسر کی سیر کرائی جائے گی۔گورنر نے اس موقعہ پر مختلف بچوں کی طرف سے دکھائی گئی کارکردگی کی کافی ستائش کی۔اس موقعہ پر شری ماتا ویشنو دیوی سپورٹس کمپلیکس کٹرہ میں تربیت پانے والے7 جسمانی طور ناخیز تیر اندازوں نے اپنے ہُنر کا مظاہرہ کیا۔خورشید گنائی نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اُن اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا جو ریاستی حکومت جسمانی طور معذور افراد کی بہبودی کے لئے اُٹھارہی ہے۔سیکرٹری تعلیم اجیت کمار ساہو نے اس موقعہ پر اس طبقہ کے بچوں کی فلاح وبہبود کے لئے محکمہ تعلیم کی سرگرمیوں پر تفصیلی سے روشنی ڈالی۔تقریب پر ایس پی ڈی سمگرا سکشھا طُفیل متو نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔