جموں//گوجربکروال تحریک انصاف نے محکمہ جے ڈی اے کیخلاف زورداراحتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران مظاہرین کی قیادت نزاکت کھٹانہ کررہے تھے۔انہوں نے انتظامیہ پرمسلم بستیوں کومنصوبہ بندسازش کے تحت تجاوزات ہٹانے کی مہم کیلئے چناہے ۔انہوں نے کہاکہ دوارکاتوی ہرکی پوڑی میں گوجربکروال کنبوں جوگذشتہ پچاس ساٹھ برسوں سے یہاں کاہچرائی زمین پررہ رہے ہیں کے کچے وپکے مکانوں کوتوڑدیاہے ۔انہوں نے کہاکہ غریب لوگوں کوعتاب کاشکاربناکرضلع انتظامیہ اورجے ڈی اے حکام مسلم دشمنی کاثبوت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گورکھانگر،وزیرنگرقاسم نگرجہاں پرنہ صرف مقامی بلکہ غیرریاستی لوگوں نے سرکاری اراضی پرقبضہ کررکھاہے میں کیوں تجاوزات مخالف مہم نہیں چلائی جاتی ۔انہوں نے کہاکہ صبح چاربجے کون سی مہم چلائی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ صبح چاربجے جب لوگ سوئے تھے ،محکمہ جے ڈی اے مشینیں اورپولیس کوساتھ لے کرگوجربکروال لوگوں کے مکانات کومنہدم کرنے کیلئے ٹوٹ پڑااورآنا ً فاناً میں 35مکان منہدم کردیئے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ اورجے ڈی اے کادعویٰ ہے کہ یہ لوگ جے ڈی اے زمین پربیٹھے ہوئے تھے لیکن حقیقت میں یہ زمین جے ڈی اے کی نہیں ہے بلکہ کاہچرائی زمین ہے۔انہوں نے کہاکہ کاہچرائی اراضی پرخانہ بدوش قبائلی طبقہ کے لوگ عرصہ درازسے رہ رہے ہیں اوراب اچانک انہیں بے سروسامان کردیاہے جوکہ انتظامیہ کے مظالم کاثبوت ہے۔کھٹانہ ودیگرمظاہرین نے ریاستی گورنرستیہ پال ملک سے مطالبہ کیاکہ مسلم بستیوں مخالف انہدامی مہم کے سلسلے کوترک کرکے ان کی بازآبادکاری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔