عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں پولیس نے ایک سونار کی دکان کی چوری کے معاملے کو 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں حل کرکے دو بدنام چوروں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ان چوروںنے نے دیوالی کی رات 68/69 لاکھ روپے کے سونے اور چاندی کے زیورات لوٹ لیے تھے۔ایس ایس پی جموں ڈاکٹر ونود کمارنے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایس پی نارتھ کلبیر ہانڈا، ایس ڈی پی او نارتھ سنیل کمار کیسر اور ایس ایچ او پی ایس سٹی ایس آئی موہندر سنگھ کی نگرانی میں پولیس سٹیشن سٹی کی پولیس ٹیموں نے ان مجرموں کو پکڑنے کے لیے انتھک محنت کی جنہوںنے شہر میں دکان سے تقریباً 1.163 کلو سونا اور 3.64 کلو چاندی لوٹ لیاتھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اکٹھی کیں، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور ان کے طریقہ کار کی نشاندہی کی۔ملزمان کی شناخت شفدو ولد محمد فرقان اور وکی ولد شام لال کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر نمبر 71/2023 زیردفعہ 457,380 آئی پی سی کے تحتپولیس تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کیا گیا اور ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان کے قبضے سے 68لاکھ روپے کے مسروقہ زیورات برآمد کئے ہیں اور مزید برآمدگی کی توقع ہے۔خیال رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب نامعلوم نقب زنوں نے جموں کے گمٹ بازار میں قائم سونا ر کی دکان میں نقب لگا کر وہاں سے تین کلو سونا ، 30کلو چاندی اور نقدی سات لاکھ کے قریب رقم لوٹ کر وہاں سے نو دو گیارہ ہو گئے۔نریندر نامی سونا ر نے نامہ نگاروں کاکہناتھا کہ منگل کی صبح جب اس نے دکان کھولی تو اندر سب کچھ غائب پایا۔انہوں نے بتایا کہ نقب زنوں نے دکان میں موجودطلائی زیورات ، نقدی اور لاکر میں موجود 3کلو سونا چرا لیا ۔