عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقے میں زنگم فلائی اوور کے قریب ٹرین کی زد میں آکر ایک 60 سالہ شخص کی موت ہوگئی۔اس کی شناخت محمد رمضان ملہ (60) ولد علی محمد ملہ ساکن ہانجی ویرہ پائین، مالپورہ کے طور پر کی گئی ہے۔یہ واقعہ ریلوے پول نمبر 92 کے قریب پیش آیا جہاں بڈگام سے بارہمولہ جانے والی ٹرین نے اس شخص کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سی ایچ سی پٹن منتقل کردیا۔ادھر جموں و کشمیر آرمڈ پولیس کا سلیکشن گریڈ کانسٹیبل سرینگر میں موت کی آغوش میں چلا گیا ۔ اسکی شناخت پریم چند کے طور پر ہوئی ہے،اور جو جموں و کشمیر آرمڈ پولیس میں تعینات تھے اچانک بے ہوش ہو گیا جس کے بعد اس کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پریم چند کو بے ہوشی کی حالت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ان کی موت کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔اس دوران کپواڑہ ضلع کے وودھ پورہ علاقے میں بدھ کو ایک 6 سالہ بچی ڈمپر کی زد میں آکرلقمہ اجل بن گئی۔
مہلوک بچی کی شناخت حبصہ اسحاق ساکنہ خرم آباد، وودھ پورہ کے طور پر ہوئی، حادثے میں شدید زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ڈمپر زیر رجسٹریشن نمبرJK02CR-6027 والے ڈمپر نے بچے کو ٹکر مار دی۔ واقعے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی شروع کردی۔گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا، ڈمپر قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔اس دوران بیروہ سے بڈگام جانے والی ایک مسافر بس میں سوار ڈرائیور سمیت کم از کم 25 افراد بدھ کے روزنصراللہ پورہ علاقے میں کنار کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ مقامی باشندوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، جس سے زخمی مسافروں کو تباہ شدہ گاڑی سے نکالنے میں مدد ملی۔زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بڈگام منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج ومعالجہ فراہم کیا گیا۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔اْدھر سری نگربارہمولہ شاہراہ پر زنگم، پٹن کے مقام پر 3 گاڑیوں کے تصادم میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔شاہراہ پر ایک ڈمپر زیر نمبر JK15C-8800، ایک سفیدرنگ کی آلٹو 800 اور ایک اسکارپیو گاڑی اچانک آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ تینوں گاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا۔حادثے کے فوراً بعد جموں و کشمیر پولیس اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔