سرینگر // جموں کشمیر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آگئی ہے اور اتوار کوروزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 300سے بھی تجاوز کرگئی ۔24گھنٹوں کے دوران309افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور4افراد کو وائرس نے نگل لیا۔ یہ سال رواں میں اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے، اور متوفین کی تعداد 31دسمبر کے بعد سب سے زیادہ ہے۔مثبت قرار دئے گئے309معاملات میں 123کا تعلق سرینگر شہر سے جبکہ جموں میں49 کیس مثبت آئے۔ 101دنوں کے بعد جموںو کشمیر میں متاثرین کی تعداد300 کا ہندسہ عبور کر گیا ہے۔ اس سے قبل17دسمبر 2020کو جموں و کشمیر میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد333تھی ۔ 15فروری سے یو ٹی میںکورونا وائرس دوبارہ لوگوں کو تیزی کیساتھ اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔اتوار کو 31783 ٹیسٹوں میں309 مثبت آنے والوں میں63جموں جبکہ246کشمیر سے تعلق رکھتے تھے۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے246افراد میں204 مقامی اور42بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرنے کے بعد واپس لوٹے تھے۔اس دوران قاسم نگر جموںحال برین نشاط سے تعلق رکھنے والا45سالہ شخص فوت ہوگیا۔متوفین کی تعداد1254ہوگئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 77259تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 1488معاملات ابھی بھی سرگرم ہیں۔ سرگرم معاملات میں سرینگر میں873،بارہمولہ میں254، بڈگام میں147، پلوامہ میں61، کپوارہ میں59، اننت ناگ میں19، بانڈی پورہ میں21، گاندربل میں12، کولگام میں17 اور شوپیان میں25 ہیں۔ جموں صوبے میں بھی تین ماہ بعد کیسوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا۔ اتوار کو جموں صوبے میں63افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں54مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 9بیرون ریاستوں سے سفر کرنے کے بعد واپس لوٹے ۔ جموں میں متاثرین کی مجموعی تعداد52724ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں اتوار کو مزید 3افراد فوت ہوگئے جبکہ یہاں متوفین کی مجموعی تعداد 735ہوگئی ہے۔جموں صوبے میں سرگرم معاملات کی تعداد 513ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے سرگرم معاملات میں جموں میں402، ادھمپور میں15، راجوری میں11، ڈوڈہ میں13، کٹھوعہ میں24، سانبہ میں13، کشتواڑ میں 1، پونچھ میں16، رام بن میں16 اور 2ریاسی میںہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 129684ہوگئی ہے۔ یوٹی میں سرگرم معاملات کی تعداد 2001ہوگئی جبکہ یہاں1985افراد وائرس سے فوت ہوگئے ہیں۔