جموں//پنچایتی انتخابات کے چھٹے مرحلے کے دوران ہوئی ووٹ شماری میں بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے جموں کی پنچایت لوورامب کے لوگوں نے جموں اکھنور شاہراہ کو بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس دوران گاڑیوں کی آمدورفت معطل کرکے انہوںنے ٹائر جلائے ۔پنچایت لوور امب سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں لوگ بٹیرہ کے مقام پر پہنچے اور انہوںنے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایاکہ الیکشن ڈیوٹی پر مامور افسران نے بھاجپا کے حمایت یافتہ امیدوار کو کامیاب قرار دیا باوجود اس کے کہ وہ ووٹ شماری کے آخرتک تین ووٹ پیچھے تھے ۔انتخابات میں بطور سرپنچ امیدوار حصہ لینے والے درشن سنگھ نے بتایاکہ تین مرتبہ ووٹوں کی گنتی کی گئی اور انہوںنے 786ووٹ لئے جبکہ مدمقابل امیدوار کوتین ووٹ کم یعنی 783ووٹ ملے لیکن اس کے باوجود مخالف امیدوار کو ہی کامیاب قرار دیاگیا۔انہوںنے الزام لگایاکہ ڈیوٹی پر مامور افسران نے ایسا بھاجپا لیڈران کی خوشنودی حاصل کرنے اور ان کے کہنے پر کیا ۔ اس دوران مظاہرین نے ٹائر جلاتے ہوئے ٹریفک معطل کردی تاہم بعد میں وہ سینئر افسران کی یقین دہانی پر پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ضلع الیکشن افسر جموں راکیش کمار نے بتایاکہ ووٹوں کی گنتی سے متعلق شکایت متعلقہ حکام کے پاس درج کروائی گئی ہے اور وہ اس کی تحقیقات کریں گے ۔