کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں ہوئی برفباری کے سبب میوہ باغات کوبھاری پیمانے پر نقصان پہنچاہے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع کے پہاڑی علاقوں واڑون ، دچھن و مڑواہ میں برفباری کے سبب میوہ باغات کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ واڑون کے مرگی ، گمری ، سکھنائی علاقوں میں دوفٹ سے زائد برفباری ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیرعظمی ٰکو فون پر بتایا کہ علاقہ میں میوہ باغات جن میں سیب و اخروٹ کے درختوں کو بھاری نقصان پہنچاہے جبکہ متعدد مقامات پر درختوں پر میوہ موجود تھا جومکمل طور ٹوٹ چکے ہیں جبکہ جنگلات میں بھی درختوں کو نقصان پہنچاہے۔علاقہ میں زیادہ برفباری کے سبب لوگ گھروں میں ہی محصور ہوکررہ گئے ہیں اور مکمل تفصیلات موسم میں بہتری کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔مڑواہ میں بھی میوہ باغات کو نقصان ہونے کی اطلاع موصول ہورہی ہے جہاں سیب و اخروٹ کے درخت ٹوٹ چکے ہیں جبکہ دچھن میں بھی میوہ درختوں کو نقصان پہنچاہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے ٹیموں کو متحرک کرنے کیلئے کہا ہے تاکہ ان علاقہ جات میں ہوے نقصان کا پتہ لگایا جاسکے اور لوگوں کو معقول معاوضہ فراہم کیاجاسکے۔